اسلام آباد،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مفاد پرستوں کا ایک بکھرا ہوا ٹولہ ہے جو عوام کے درد نہیں اپنے ذاتی دکھڑے سنانے کے لیے اکٹھا ہوا ہے۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اتوار کو ہونے والے جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ پی ڈی ایم میں موجود تمام جماعتوں اور ان کے رہنمائوں کے اپنے اپنے مفادات ہیں جن کے تحفظ کے لئے وہ اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ن لیگ کے دو بیانیوں کے بیچ میں گھرے ہوئے ہیں ان کے پاس شہباز شریف آتے ہیں تو کوئی کہانی سناتے ہیں اور مریم نواز آتی ہیں تو ان کا کچھ اور بیانیہ ہے ،پیپلز پارٹی نے ان کے ساتھ ہاتھ کر دیا ہے، اب مولانا کو سمجھ نہیں آتی کہ وہ کس طرف جائیں، یہ جلسے اور ریلیاں وہ محض اپنی ساکھ بچانے کے لیے کر رہے ہیں۔علی نواز اعوان نے کہا کہ عوام اس ٹولے کو پہچان چکے ہیں اور ان کی باتوں میں آنے والے نہیں جس کا اندازہ انہیں آزاد کشمیر اور سیالکوٹ کے انتخابات میں ہو چکا ہے، عوام عمران خان اور ان کے اس بیانیے کے ساتھ کھڑی ہے کہ ملک لوٹنے والوں کو این آر او نہیں دینا اور ملک کی لوٹی ہوئی دولت ہر حال میں واپس لانی ہے ۔علی نواز اعوان نے کہا کہ ن لیگ اندرونی رسہ کشی کے باعث بکھر چکی ہے وہ چاہے مرکزی سطح پر ہوں یا صوبائی سطح پر ن لیگ ہر لحاظ سے بکھری ہوئی جماعت ہے اور اس کا کارکن کنفیوزڈ ہے، سندھ میں مفتاح اسماعیل کے استعفے کے بعد سندھ سے ن لیگ کا صفایا ہو چکا ہے۔
پی ڈی ایم مفاد پرستوں کا بکھرا ہوا ٹولہ ، اپنا دکھڑا سنانے کیلئے اکٹھا ہوا، علی نواز اعوان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
