بیجنگ(آئی پی ایس )چینی وزارت خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اس بیان کو چین پر حملہ قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ دنیا 1989 کے تیانمن اسکوائر کریک ڈان کو کبھی نہیں بھولے گی۔عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق 4 جون 1989 کو، کئی ہفتوں تک جاری رہنے والے مظاہروں کے بعد جن میں زیادہ سیاسی آزادیوں کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، فوجیوں اور ٹینکوں نے بیجنگ کے تیانمن اسکوائر سے پرامن مظاہرین کو زبردستی ہٹا دیا تھا۔
اس واقعے میں ہلاکتوں کی صحیح تعداد معلوم نہیں ہے، لیکن سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے، بعض اندازوں کے مطابق یہ تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی تھی۔چین کے کمیونسٹ حکمرانوں نے اس کے بعد سے کریک ڈان کے ہر عوامی تذکرے کو مٹانے کی کوشش کی ہے، اور سنسر شپ کے ذریعے تمام آن لائن حوالوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق، بدھ کے روز وان آن قبرستان کے داخلی دروازے پر پولیس اہلکار دیکھے گئے، یہ بیجنگ کے مغرب میں واقع ایک ایسی جگہ ہے جہاں کریک ڈان کے متاثرین کو دفنایا گیا تھا، تیانمن اسکوائر کی طرف جانے والے کئی چوراہوں پر بھی اہلکار تعینات تھے۔
بدھ کی شام کو، بسوں کی ایک قطار اور ایک چیری پکر (اونچائی پر کام کرنے والی گاڑی) نے جرمن اور کینیڈین سفارت خانوں میں نصب اسکرینوں کو جزوی طور پر بلاک کر دیا جن پر موم بتیوں کی تصاویر دکھائی جا رہی تھیں، یہ موم بتیاں عام طور پر تیانمن کے متاثرین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔
