اسلام آباد (سب نیوز)چیئرمین سی ڈی اے کا رات گئے ممبر انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا اچانک دورہ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کو 35یوم کی تکمیل کی ڈیڈ لائن کے حصول کیلئے تعمیراتی کاموں کے اعلی معیار کے مطابق مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
متعلقہ افسران سمیت کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ مری روڈ انڈر پاس منصوبے کی 4 میں 3 سلپس روڈ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ ایک سلپ روڈ پر کام تیزی سے جاری ہے، مری روڈ انڈر پاس کا 50 فیصد اور کلوٹس کا 70 فیصد تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے، مجموعی طور پر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا 63 فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جاچکا ہے، منصوبے کے تمام حصوں پر بیک وقت تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اب تک کئے تعمیراتی کاموں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیح بنیادوں پر دور کیا جائے، منصوبے پر 24/7تعمیراتی کام کو یقینی بنایا جائے، منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے، تعمیراتی کاموں کے اعلی معیار اور کوالٹی میں کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کنسلٹنٹس اور ریزیڈنٹ انجینئرز کو سائٹ پر تعمیراتی کاموں کے اعلی معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے وقت کے ساتھ ساتھ ایندھن کی بچت بھی ہوگی، نیو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد تا مری تک مسافروں کو سگنل فری کوریڈور پر سفر کرنے سے آسانی پیدا ہوگی، منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا اس کے ساتھ مری اور کشمیر سے آنے والی ٹریفک کو آسانی ہوگی، اسلام آباد کے روڈ انفراسٹرکچر کے حوالے سے سی ڈی اے ایک اور سنگ میل عبور کرنے جارہا ہے، منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد کے روڈ انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔
