لاہور (آئی پی ایس )ترکیہ کے شہر ارضروم میں چھٹا ای سی او ٹورازم وزارتی اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور کو ٹورازم کیپٹل 2027 قرار دے دیا گیا، وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور دنیا کے استقبال کے لیے تیار ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر کہا ہے کہ پاکستان اور پنجاب کے لیے قابلِ فخر اور تاریخی لمحہ ہے کہ لاہور کو ای سی او ٹورازم کیپٹل 2027 کا اعزاز دیا گیا ہے
، یہ اعزاز ترکیہ کے شہر ارضروم میں چھٹے ای سی او ٹورازم وزارتی اجلاس میں تاریخ ورثیاور محبتوں کے شہر لاہور کو دیا گیا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ شاندار تاریخی ورثے، رنگا رنگ ثقافت اور بے پناہ صلاحیتوں کے ساتھ، لاہور دنیا کے استقبال کے لیے تیار ہے، ای سی او ٹورازم کیپٹل 2027 کی حیثیت سے لاہور عالمی منظرنامے پر روشن مرکز ہونے جا رہا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ لاہور کو ٹورازم کیپٹل 2027 منتخب کرنے پر ای سی او ممالک کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں، ای سی او کے اعتماد، حمایت اور تعاون کے ساتھ ہم پاکستان، پنجاب اور لاہور کے حسن کو دنیا کے سامنے لے کر آئیں گے۔
