Tuesday, July 8, 2025
ہومپاکستاناسپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی رہنماوں کے الزامات پر سخت ردعمل آگیا

اسپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی رہنماوں کے الزامات پر سخت ردعمل آگیا

اسلام آباد (آئی پی ایس )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کے الزامات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر میرے کردار ادا نہ کرنے پر بے جا تنقید کی جا رہی ہے، سابق وزیراعظم سے ملاقات کروانا میرا مینڈیٹ ہے اور نہ ہی ذمہ داری ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے بعض رہنماوں اور اراکین قومی اسمبلی کی طرف سے مذاکرات کے حوالے سے ان کے کردار پر سوالات اٹھانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ جو پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی اور رہنما یہ بیانات دے رہے ہیں کہ اسپیکر نے عمران خان سے ملاقات کروانے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا تو ان پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ حکومت اپوزیشن مذاکرات میں ان کا کردار صرف سہولت کار کا ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کروانا نہ ان کا مینڈیٹ ہے اور نہ ہی ذمہ داری۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ اس طرح کے بیانات دینا کہ اسپیکر آفس سے رابط کیا گیا انہوں نے مثبت جواب نہیں دیا یہ افسوسناک ہے، میرے دروازے سب کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور میں نے کبھی کسی ایم این اے سے ملنے سے انکار نہیں کیا اور یہ سب ریکارڈ پر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسپیکر کے عہدے پر جو پی ٹی آئی کے رہنما اعتراضات اور سوالات اٹھا رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ میں مذاکراتی عمل سے نکل جاوں تو وہ اس تجویز پر بھی غور کرنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ وہ کسی صورت اسپیکر کے منصب کو متنازعہ نہیں بنانا چاہتے۔سردار ایاز صادق نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے ملک سے باہر ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ میٹنگ کا انتظام نہیں کرسکتے جب حکومت اور اپوزیشن ان سے کہیں گے وہ میٹنگ کا اہتمام کردیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔