Thursday, December 26, 2024
ہومپاکستانمینڈیٹ چوروں کے سرپرست بے نقاب ہوچکے ہیں ، ترجمان پی ٹی آئی

مینڈیٹ چوروں کے سرپرست بے نقاب ہوچکے ہیں ، ترجمان پی ٹی آئی

اسلام آباد (آئی پی ایس )ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ بے گناہ نہتے شہریوں کا خون بزدلوں کے چہروں پر اچھال چکے ہیں، جو کبھی میدان میں نکلے ہی نہیں، وہ 24کروڑ عوام کو میدان سے بھاگنے کے طعنے دے رہے ہیں۔خواجہ آصف کے بیان پر ترجمان تحریک انصاف نے ردعمل میں کہا ہے کہ حکمراں اب جھوٹ کا سہارا لینے کی مایوس کن کوششیں کر رہے ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ تاریکی میں بتیاں بجھا کر عوام اور سرکار کے مابین آخری لکیر شہریوں کے خون سے کھینچ دی ہے، سینوں پر گولیاں کھانے کے باوجود پولیس، رینجرز پر جوابی حملے نہ کرکے کارکنوں کوبچایا۔پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ بے وفائی کی ساری حدیں توڑ کر مینڈیٹ چوروں کی سرپرستی کرنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں، بندوق کی طاقت سے عوام کے دل سے پی ٹی آئی کی محبت نہیں نکالی جاسکتی۔

دریں اثنا وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی گفتگو پر پاکستان تحریک انصاف نے ردِعمل میں کہا ہے کہ ریاست اس وقت چوروں اور قاتلوں کے غاصبانہ قبضے میں ہے، جب تک قاتل مسندوں پر رہیں گے، عوام کی زندگیاں خطرے میں رہیں گی۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ماڈل ٹاون کے قاتلوں نے اسلام آباد میں شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی، مینڈیٹ چوروں نے بے گناہ شہریوں کی لاشوں کی چوری بھی کی ، جو شرمناک تاریخ رقم ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔