Thursday, December 26, 2024
ہومپاکستانپارٹی پر کس کی حکمرانی ۔۔۔بی بی اور بانی ۔۔۔باقی قیادت کے خوابوں پر پھر گیا پانی

پارٹی پر کس کی حکمرانی ۔۔۔بی بی اور بانی ۔۔۔باقی قیادت کے خوابوں پر پھر گیا پانی

اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کا آج تیسرا روز ہے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا گنڈا پور اور اہلیہ عمران خان بشری بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ ڈی چوک تک پہنچ گیا، تاہم رینجرز نے پی ٹی آئی کارکنان کو پیچھے دھکیل کر دوبارہ ڈی چوک کا کنٹرول سنبھال لیا، پی ٹی آئی کارکنان اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف مزاحمت جاری ہے، جبکہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں مطالبات کی منظوری تک دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈی چوک میں ہوئی فائرنگ کے دوران چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں فائر کرکے پی ٹی آئی کارکنان کو ڈی چوک سے منتشر کر کے علاقہ خالی کروا لیا گیا ہے۔ریڈ زون کی سیکیورٹی پر معموراہلکاروں کی بھاری تعداد نے ڈی چوک پہنچنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کو پولی کلینک، کمال اتاترک اور فضل حق ایوینوکی جانب دھکیل دیا، تاہم پی ٹی آئی کے مظاہرین کمال اتاترک ایونیو، فضل حق ایونیو سے ڈی چوک کی جانب بڑھنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، تاہم انہیں رینجرز اور پولیس کی جانب سے شدید ترین مذاحمت کا سامنا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کے ریڈ زون میں واقع ڈی چوک پہنچنے کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں کم ازکم چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام زخمی پی ٹی آئی کے احتجاج میں شامل افراد ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کس مقام سے کی گئی۔ڈی چوک پر ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے پولی کلینک ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ اس وقت ڈی چوک پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے تصدیق کی کہ پولیس اور نیم فوجی دستوں نے بھی ان مظاہرین کو نہیں روکا، اس وقت صورتحال پرامن ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں جناح ایونیو پر پریڈ گرانڈ کے قریب کنٹینرز پر فوجی اہلکاروں کو پی ٹی آئی احتجاجی شرکا کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ویڈیو میں واضح ہے کہ ایک اہلکار پی ٹی آئی کارکن کو کنٹینرپر چڑھنے کے لیے مدد بھی فراہم کرتا ہے۔ متعدد پی ٹی آئی احتجاجی شرکا کو کنٹینر پر چڑھ کو خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔