Thursday, February 26, 2026
ہومپاکستانانتظامیہ نے بات نہ سنی تو مددکیلئے بھارت کو پکاروں گا، ن لیگی امیدوارکی دھمکی

انتظامیہ نے بات نہ سنی تو مددکیلئے بھارت کو پکاروں گا، ن لیگی امیدوارکی دھمکی

گوجرانوالہ (آئی پی ایس ) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں حلقہ ایل اے 35 جموں 2 (گوجرانوالہ)سے مسلم لیگ ن کے امیدوار اسماعیل گجر نے دھمکی دی ہے کہ اگر انتظامیہ نے بات نہ سنی تو مدد کے لیے بھارت کو پکاریں گے۔ گوجرانوالہ میں پولنگ کے دوران ڈپٹی کمشنرگورنمنٹ ہائی سکول نمبر2 میں قائم پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے جہاں انہوں نے ن لیگ اور مسلم کانفرنس کے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا۔ پولنگ روم سے نکالنے پر لیگی پولنگ ایجنٹوں نے احتجاج کیا اور اس دوران ان کی ڈپٹی کمشنر سے تلخ کلامی بھی ہوئی جس کے بعد پولنگ روک دی گئی۔ بعد ازاں ن لیگ کے امیدوار چوہدری اسماعیل گجر بھی پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پہلے میرا انتخابی کیمپ اکھاڑا گیا،ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، اگرپرامن پولنگ چلنے دینا ہے تو ٹھیک، ورنہ ہم بھی گڑ بڑ کریں گے، ڈپٹی کمشنر نے میرے پولنگ ایجنٹ باہر نکالے اور انہیں دھمکیاں بھی دیں۔ اسماعیل گجرکا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے بات نہ سنی تو مدد کے لیے بھارت کو پکاریں گے، پولیس بھی موجود تھی لیکن کسی نے کیمپ اکھاڑنے والوں کو نہیں روکا۔ بعد میں اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ انتظامیہ سے مخاطب تھے، ادھر کشمیریوں کو بھارت والے مارتے ہیں ، اِدھر یہ ہمارے کیمپ اکھاڑ کر پھینک دیتے ہیں ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔