ریوڈی جنیرو(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین مشترکہ ترقی کی حامل دنیا کی تعمیر کے لئے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے عالمی ترقی کے لئے چین کے 8 اقدامات کا خاکہ بھی پیش کیا۔
برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں بھوک وافلاس کے خلاف جنگ کے موضوع پر منعقدہ جی 20 کے 19 ویں سربراہ اجلاس کے پہلے سیشن سے “مشترکہ ترقی کی حامل دنیا کی تعمیر” کے عنوان سے اپنی تقریر میں شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ آج دنیا بھر میں تیزی سے تبدیلی رونما ہورہی ہے اور انسانیت کو بے مثال مواقع کے ساتھ چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ بڑے ممالک کے رہنماؤں کی حیثیت سے جی 20 کے رہنماؤں کو دنیا کو مشترکہ مستقبل کے حامل ایک معاشرے کے طور پر دیکھنا چاہئے اور تاریخ کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا چاہئے، تاریخی پہل کرکے تاریخ کو آگے بڑھانا چاہئے۔
چینی صدرنے کہا کہ مشترکہ ترقی کی حامل دنیا کی تعمیر کے لئے ضروری ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون جیسے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ترقیاتی اداروں کو مضبوط بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ترقی پذیر ممالک جدیدیت حاصل کرسکیں۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین کی ترقی دنیا کی مشترکہ ترقی کا ایک اہم حصہ ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ چین نے 80 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے 2030 کے ایجنڈے کے غربت میں کمی کے ہدف کو مقررہ وقت سے پہلے ہی حاصل کرلیا، یہ کامیابیاں چینی حکومت اور عوام کی سخت اور مشترکہ کوششوں کا ثمر ہیں۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین ہمیشہ لوگوں کو سامنے رکھتا ہے اور سنجیدگی سے اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ ایک بھی غریب خطے یا شخص کو پیچھے نہیں چھوڑا جانا چاہئے۔
چینی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ چین ہمیشہ عالمی جنوب کا رکن رہے گا اور ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مل کر جدیدیت کی جانب بڑھے گا۔
چینی صدر نے عالمی ترقی کی حمایت کے لئے چین کے 8 اقدامات پیش کئے۔
ان میں سب سے پہلے اعلی معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو آگے بڑھانا، دوسرا گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو پر عملدرآمد، تیسرا افریقہ میں ترقی کو فروغ دینا، چوتھا غربت میں کمی اور غذائی تحفظ پر بین الاقوامی تعاون کی حمایت کرنا، پانچواں چین، برازیل، جنوبی افریقہ اور افریقی یونین کے ساتھ مل کر سائنس میں بین الاقوامی تعاون کے لئے ایک اقدام کی تجویز پیش کرنا، چھٹا عالمی جنوب کے فائدے کے لئے عملی تعاون میں جی 20 کی حمایت کرنا، ساتواں جی 20 انسداد بدعنوانی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور آٹھواں اعلیٰ معیار کی ترقی کی خاطر کم ترقی یافتہ ممالک کے لئے چین کے دروازے کھولنا شامل ہیں۔
آخر میں شی جن پھنگ نے کہا کہ ایک ہزار میل کا سفر پہلے قدم سے شروع ہوتا ہے۔ چین مشترکہ ترقی کی حامل دنیا کی تعمیر، غربت کے خاتمے اور خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر اقدامات کرنے کو تیار ہے۔
اجلاس کے آغاز سے قبل شی جن پھنگ نے دیگر رہنماؤں کے ساتھ برازیل کی جانب سے شروع کئے گئے بھوک اور غربت کیخلاف عالمی اتحاد کے اجرا کی تقریب میں شرکت کی۔