Friday, December 27, 2024
ہومپاکستانسندھ کے پانی کی تقسیم پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا، ترجمان سندھ حکومت

سندھ کے پانی کی تقسیم پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا، ترجمان سندھ حکومت

سکھر(آئی پی ایس )ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان شیخ نے کہا کہ سندھ کے پانی کی تقسیم پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان شیخ نے چولستان کینالز نکالنے سمیت دیگر اہم مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی تقسیم اور چولیستان کینالز کا مسئلہ چل رہا ہے، شہید بی بی بھی دھرنا دیکر اصولی موقف دے چکی ہیں کہ سندھ کے پانی کی تقسیم پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔

بیرسٹر ارسلان شیخ نے کہا کہ چولستان میں خوشحالی چاہتے ہیں لیکن سندھ کے پانی کی تقسیم پر ہر گز نہیں چاہتے، وزیراعلی سندھ نے اپنی شکایت ریکارڈ کرادی ہے، اگر مسئلہ حل نہیں ہوتا تو کسی بھی عدالتی فورم، عوامی عدالت تک جائیں گے، حکومت سندھ نے تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر ارسا ایکٹ کے خلاف ترمیم پاس کی ہے۔سندھ حکومت کے ترجمان نے مزید کہا کہ دریائے سندھ کے پانی کے اوپر کسی صورت سودے بازی نہیں ہوسکتی ہے، نئے کینالز اگر پنجاب کے پانی کی تقسیم پر بنتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے یہاں کے ریگستان میں تھرکول کا منصوبہ دیا، پانی سمیت تمام سہولیات دی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مریم نواز کی جانب سے مصنوعی برسات کے منصوبے کوسراہتے ہیں، ہم وفاقی حکومت کو کہتے ہیں ماڈرن پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے، جو 211 بلین کینالز پر خرچ کرنے کی بات کی جارہی ہے وہ ماڈرن منصوبوں کے تحت خرچ کئے جائیں۔

بیرسٹر ارسلان شیخ نے کہا کہ سندھ کے پانی کی تقسیم پر چولستان کینالز کی مخالفت کریں گے، پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے کا مقصد یہ نہیں کہ سندھ کے پانی کی تقسیم پر سمجھوتہ کریں، پی ٹی آئی والے کہتے تھے کہ امریکا نے نکلوایا ہے اب اسی امریکا کے قدموں میں پڑ کر رہائی کی باتیں کی جارہی ہیں۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ایوان صدر سے اجازت نہیں دی گئی کہ سندھ کے پانی کی تقسیم کی جائے، سوشل میڈیا پر غلط مہم چلائی جارہی ہے، احتجاج کی سیاست نے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا ہے، ہم جمہوری اور آئینی طریقہ اختیار کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔