لیما(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اپنی دوستی کی عمومی سمت کو برقرار رکھنے کے لئے سنگاپور کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے اور جدیدیت کی راہ پر ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر آگے بڑھنے کا عمل جاری رکھے گا۔
پیرو کے شہر لیما میں ایپیک اقتصادی رہنماؤں کے 31 ویں اجلاس کے موقع پر سنگاپور کے وزیراعظم لاؤرنس وانگ کے ساتھ ملاقات میں چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں ممالک قومی ترقی کے ایک اہم مرحلے میں ہیں اور اگلے سال چین اور سنگاپور کے سفارتی تعلقات کی 35 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔
شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ چین سنگاپور کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو تیز کرنے، ایمانداری اور باہمی اعتماد کی پاسداری، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا احترام کرنے اور اعلیٰ معیار کی ترقی کا ایک نیا باب رقم کو تیار ہے۔
اس موقع پر سنگاپور کے وزیراعظم لاؤرنس وانگ نے کہا کہ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح کے قریبی تبادلوں اور اقتصادی تعلقات کے استحکام کو برقرار رکھا ہے، دونوں فریقوں نے سوژو صنعتی پارک کی 30 ویں سالگرہ منائی ہے۔
سنگاپورکے وزیراعظم نے کہا کہ ان کا ملک تائیوان پر چینی حکومت کے موقف کو پوری طرح سمجھتا ہے، “تائیوان کی آزادی” کی کسی بھی شکل کی مخالفت کرتا ہے اور ایک چین کے اصول پر سختی سے عمل پیرا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سنگاپور آسیان اور ایپیک جیسے کثیرجہتی شعبوں میں چین کے ساتھ مل کر کام کرنے، تحفظ پسندی کی مخالفت کرنے، تجارت اور سرمایہ کاری کی سہولت کو فروغ دینے اور علاقائی استحکام اور ترقی کے تحفظ کے لئے تیار ہے۔