لاہور (آئی پی ایس )وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات 27ویں آئینی ترمیم لانے پر اتفاق کر لیا گیا ہے ،وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ تمام اتحادی جماعتوں کو جاتاہے، پہلے بھی عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے، اب بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کیلئے مل کر چلیں گے، غیرجمہوری طاقتوں کا راستہ روکنے کیلیے 26ویں آئینی ترمیم کارگر ثابت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو تاریخی قرار دے دیا جبکہ 27 ویں آئینی ترمیم لانے پر بھی گفتگو کی گئی۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کے ہمراہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بھی تھے جبکہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی ماڈل ٹاون میں موجود تھے۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے مل کر چلیں گے، غیر جمہوری طاقتوں کا راستہ روکنے کے لیے 26ویں آئینی ترمیم کارگر ثابت ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 26ویں ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ تمام اتحادی جماعتوں کو جاتا ہے، پہلے بھی عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہی اب پیچھے ہٹیں گے، ملکی معاشی اعشاریہ مثبت ہونے سے مہنگائی میں واضح کمی ہوتی نظر آ رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات میں 27ویں آئینی ترمیم لانے پر اتفاق کیا گیا۔ اور اس کیلئے مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیے جانے پر بات کی گئی۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ 27ویں ترمیم میں صوبوں کے حقوق کے حوالے سے دیکھا جائیگا، مولانا فضل الرحمان، ایم کیوایم اور دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
