Thursday, February 26, 2026
ہومتازہ ترینپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر آئے گی'سردار یاسر الیاس خان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر آئے گی’سردار یاسر الیاس خان

حکومت کے اقدامات کاروباری شعبے کی مشکلات بڑھا رہے ہیں’فاطمہ عظیم، عبدالرحمن خان
اسلام آباد،اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت کی جانب سے جولائی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے کیونکہ اس سے کاروبار ی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور عوام کیلئے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا جبکہ معیشت کو بحال کرنے کی کوششوں کو مزید دھچکا لگے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی سے تنگ ہیں جبکہ کاروبارکروانا وائرس کی تباہ کاریوں سے دوچار ہیں اور ان مشکل حالات میں پٹرول کی قیمت میں 5.40 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2.54روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا اور پیداواری لاگت میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یکم جنوری 2021کو پیٹرول کی قیمت تقریبا 103روپے فی لیٹر تھی جو اب بڑھ کر 118روپے فی لیٹر سے زائد ہو گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 110روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 116روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی جولائی میں بجلی کی قیمت میں 2.97روپے فی یونٹ اضافہ کر کے صارفین پر 135ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال لیا تھا جبکہ اب پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر نے سے عوام کو شدید مہنگائی کا سامنا ہو گا جبکہ کاروبار کی لاگت میں اضافہ ہونے سے کاروباری سرگرمیاں اور برآمدات مزید متاثر ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بار بار تیل و گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل ہو گا کیونکہ ان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے تیل و گیس اور بجلی کی قیمتوں میں استحکام کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر عائد تمام ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ کرے تا کہ عوام اور کاروباری طبقے کو کچھ ریلیف ملے۔چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم اور نائب صدر عبدالرحمن خان نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں حکومت کو چاہیے تھا کہ کاروبار کی لاگت اور مہنگائی کو کم کرنے کیلئے اقدامات لیتی تا کہ عوام کی مشکلات کم ہوتی اور صنعت و تجارت کو بہتر فروغ ملتا۔ تاہم ریلیف فراہم کرنے کی بجائے حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جس سے کاروباری شعبے کی مشکلات بڑھیں گی کیونکہ اس سے پیداواری لاگت میں مزید اضافہ ہو گا اور عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے صنعتی شعبے کی پیداواری لاگت میں مزید اضافہ ہوگا، ٹرانسپورٹ مہنگی ہو گی اور زراعت اور دیگر شعبوں کی لاگت بڑھے گی جبکہ عالمی مارکیٹ میں ہماری برآمدات کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لہذا انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔