پشاور(آئی پی ایس ) وزیراعلی خیبرپختونخوا کی زیر صدارت وزیراعلی ہاوس میں منعقد ہونے والے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت پر ہی احتجاج موخر کیا جائے گا۔
ذرائع کے کے مطابق پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر کی ملاقات کروائی جائے تو احتجاج موخر کرسکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد احتجاج کے لیے کارکنوں کو منگل کو 12بجے صوابی طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف احتجاج کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے اور پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے تمام ٹکٹ ہولڈرز کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں سے پی ٹی آئی کارکنان کو اسلام آباد ڈی چوک پہنچنے کے ہدایت کی گئی ہے۔
پارٹی قیادت نے کارکنان کو آگاہ کیا ہے کہ جب تک بانی چیئرمین کو رہا نہیں کیا جاتا ڈی چوک سے نہیں اٹھیں گے، ذرائع کے مطابق احتجاج کی ذمہ داری سابق وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کو سونپی گئی ہے جبکہ پنجاب سے کارکنان لانے کی ذمہ داری حماد اظہر کو سونپی گئی ہے۔ ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہمیں ابھی تک بانی چیئرمین سے نہیں ملوایا گیا۔
