ہوماسلام آبادچیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت ذرائع آمدن بڑھانے کیلئے اجلاس

چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت ذرائع آمدن بڑھانے کیلئے اجلاس

اسلام آباد(آئی پی ایس )چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منگل کے روز سی ڈی اے کی مالیاتی پوزیشن اور ریونیو جنریشن کو بڑھانے کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ممبر فنانس سمیت سی ڈی اے کے دیگر ممبران اور سینئر افسران نے شرکت کی۔فنانس ونگ نے اجلاس کو سی ڈی اے کی مالیاتی صورتحال سمیت مختلف ریونیو کے مختلف ذرائع پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے مالی سال کے لیے مقرر کردہ اپنے مالیاتی اہداف حاصل کررہا ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ حالیہ نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدن کو شامل کئے بغیر دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن سے مالی سال کے ریونیو اہداف کامیابی سے حاصل ہو رہے ہیں۔ممبر فنانس نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اور ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن سمیت مختلف ڈائریکٹوریٹ کے درمیان آمدنی میں اضافے کا تقابلی تجزیہ بھی پیش کیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے مالیاتی اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے فنانس ونگ کو موثر نگرانی کی ہدایت کی کہ فنانس ونگ ذرائع آمدن کو بڑھانے کی کوششوں کی مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ کرے اور مالی سال کے مقررہ اہداف کو حاصل کرنے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔

اجلاس میں اسٹیٹ مینجمنٹIاور IIکے حوالے سے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے تمام سرکاری اور نجی پراپرٹیز جنکی لیز ایگریمنٹس کی معیاد ختم ہوچکی ہے ان سب کو بلا امتیاز نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت دی۔چیئرمین سی ڈی اے نے پارک انکلیو II اور III میں بجلی کی فراہمی کا مسئلہ ترجیح بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا اور اسکے ساتھ پارک انکلیو کے ڈیفالٹرز کی الاٹمنٹ کو منسوخ کرنے کے حوالے سے جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت دی۔محمد علی رندھاوا نے اسٹیٹ ونگ کو پارک انکلیو میں بلٹ اپ پراپرٹیز اور اسلام آباد کے E-12/1 اور E-12/4 سے متعلق مسائل کو جلد حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے پلاننگ ونگ کو ہدایت کی کہ وہ ریونیو میں اضافے کے لئے کمرشلائزیشن سے متعلق زیر التوا کیسز کو ترجیح بنیادوں پر حل کرے۔اسی طرح انہوں بلڈنگ کنٹرول سیکشن کو ہدایت کی کہ وہ اپنی فیلڈ فورس کو بڑھائیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے بلڈنگ کنٹرول کے ساتھ ساتھ اسٹیٹ مینجمنٹ ونگ میں افرادی قوت کے مسائل کو حل کرنے کی ہدایت دیں۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بقایا جات کی بروقت وصولی کے لئے لائحہ عمل وضع کرنے پر زور دیا تاکہ شہر بھر میں ترقیاتی منصوبے متاثر نہ ہوں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔