Thursday, September 19, 2024
ہومتازہ ترینحکومت پہلے مرحلے میں آئینی ترامیم پیش کرنے میں ناکام، وفاقی کابینہ کا اجلاس مؤخر

حکومت پہلے مرحلے میں آئینی ترامیم پیش کرنے میں ناکام، وفاقی کابینہ کا اجلاس مؤخر

اسلام آباد (سب نیوز) حکومت پہلے مرحلے میں آئینی ترامیم پیش کرنے میں ناکام ہوگئی۔ حکومت نے وفاقی کابینہ کا اجلاس مؤخر کر دیا۔ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے حمایت نہ ملنے پر کابینہ اجلاس مؤخر کردیا گیا۔ اجلاس میں آئینی ترامیم کی منظوری دی جانی تھی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان عدالتی اصلاحات سے متعلق آئینی ترمیم پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے ججز کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیم بل پرحکومت کا ساتھ دینے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم آج بھی اسمبلی میں پیش نہ ہونے کا امکان ہے، قومی اسمبلی میں آج معمول کی کارروائی ہو گی۔ قومی اسمبلی اجلاس میں تین نکاتی ایجنڈے پر ہی غور کیا جائے گا، عدالتی اصلاحاتی پیکج آج پیش نہیں کیا جا سکے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی پارلیمان کے سینکڑوں ارکان صبح سے رات گئے تک موجود رہے، راہداریوں میں آنیاں جانیاں، کمیٹی رومز اور چیمبرز میں میل ملاقاتیں ہوتی رہیں۔ جبکہ حکومت اور اپوزیشن کے بڑے بار بار مولانا کی چوکھٹ پر جاتے رہے۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر کی مولانا سے ملاقاتیں کوئی رنگ نہ لائیں، بلاول بھٹو سمیت جیالے قائدین عوام کو اچھی خبر جلد ملنے کی نوید سناتے رہے لیکن ایسا ہوا کچھ بھی نہیں۔

اتفاق رائے کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کی تشکیل کردہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں بار بار توسیع کی گئی۔ سینیٹ کی نمائندگی کیلئے پہلے 5 اور پھر 8 مزید سینیٹرزشامل کئے گئے ۔ خورشید شاہ کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوئے۔ رات گئے ہونے والے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان خود بھی شریک ہوئے۔ کمیٹی اجلاس کے بعد نصف شب سے کچھ دیر پہلے قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا تو گیا لیکن صرف ملتوی کرنے کیلئے۔ تلاوت اور قومی ترانے کے بعد اجلاس بغیر کسی کارروائی ختم کردیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔