ہومبریکنگ نیوزعلی امین گنڈاپور کے بیان پر صحافی برادری برہم، بیرسٹر گوہر نے غیر مشروط معافی مانگ لی

علی امین گنڈاپور کے بیان پر صحافی برادری برہم، بیرسٹر گوہر نے غیر مشروط معافی مانگ لی

اسلام آباد /لاہور(سب نیوز )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز اسلام آباد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج کل ملک میں پیسے کی صحافت ہورہی ہے، لفافہ صحافی حکمرانوں سے سوال نہیں کرتے۔ یہ صحافی نہیں یہاں مینوں ووٹ وکھا میرا موڈ بنے کا معاملہ ہے، یہ میڈیا والے نوٹ لے کر ضمیر بیچتے ہیں، یہ بکا میڈیا صحافت نہیں دلالی کر رہا ہے۔

علی امین گنڈاپور کے اس بیان پر صحافی برادری کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا تھا۔لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے علی امین گنڈاپور کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو احساس ہونا چاہئے کہ وہ ایک اہم اور ذمہ دار عہدے پر فائز ہیں، جلسے میں صحافیوں پر لگائے گئے الزامات غیر سنجیدہ ہیں، خاتون صحافیوں بارے میں طنزیہ ریمارکس ان کی دماغی صحت پر سوالیہ نشان ہے، یہ کسی طور بھی مناسب نہیں کہ صحافی برادری کو الزام دیا جائے۔

ارشد انصاری نے کہا کہ جو صحافی بلیک میل کرتے ہیں ان کے نام سامنے لائیں، لاہور پریس کلب ہر فورم پر احتجاج کا حق استعمال کرے گا، ریاستی ذمہ داران کے غیر سنجیدہ رویے پر لگام ڈالی جائے، تحریک انصاف کی قیادت بھی وزیر اعلی کی اپنی چوائس پر نظر ثانی کرے، علی امین گنڈا پور اپنے الفاظ پر صحافیوں سے معافی مانگیں، جب تک وہ معذرت نہیں کرتے لاہور میں ان کی میڈیا کوریج کا بائیکاٹ کیا جائے گا، لاہور میں ان کی کسی تقریب کی میڈیا کوریج نہیں ہونے دیں گے۔

جس کے بعد بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم تمام صحافتی برادری کا احترام کرتے ہیں، صحافیوں کی دل آزاری پر غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔ گنڈا پور نے جو بات کی وہ کوئی ایک دو صحافیوں کے حوالے سے تھی، ہمارا کسی تصادم کی طرف جانے کا کوئی ارادہ نہیں، علی امین گنڈاپور کی تقریر سیاسی تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔