اسلام آباد: ملک بھر میں آج 78ویں یوم آزادی کو جوش و جزبے سے منایا جارہا ہے، رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، دن کا آغاز نماز فجر میں خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی۔ علامہ اقبال کے مزار اور مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے توپوں کی سلامی دی۔
مزار اقبال اور مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی
جشن آزادی کے موقع پر شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار اور مزار قائد کراچی پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں۔ تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا، تقریب میں پاک فوج کے دستے نے نعرہ تکبیر بلند کیا۔ اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کی دعائیں مانگی گئیں۔
پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض کی ذمہ داری سنبھال لی ہے، بانی پاکستان قائد اعظم کے مزار پر اعزازی گارڈز میں دو دستے شامل ہیں۔ اعزازی گارڈز ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز پر مشتمل ہے، جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔
یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جہاں کیڈٹس کا مارچ پاسٹ ہوا۔
یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ملک بھر کی سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، جبکہ شہر شہر، گلی گلی بھی قومی پرچم اور جھنڈیاں آویزاں ہیں۔
منچلے نوجوان 12 بجتے ہی سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے جارہے ہیں، جبکہ جگہ جگہ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جارہا ہے۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور ، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتشبازی کے ساتھ ملی نغموں اور سبزہلالی پرچموں کی بہار آگئی۔
یوم آزادی پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بیان جاری کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے اور وطن کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر پاکستان کا قوم کے نام پیغام
صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے بیان میں کہاکہ میں پاکستان کے یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کے لیے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔ ایک پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے لیے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔
آصف زرداری نے کہاکہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کے اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ان وسائل کو بروئے کار لائیں۔
صدر مملکت نے کہاکہ ہمیں قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا۔ قوم کی ہم سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور ہمیں عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
وزیر اعظم نے بھی قوم کے نام پیغام دیا
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جشن آزادی پاکستان پر اپنے بیان میں کہاکہ یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر میں ملک بھر کے عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ آج کے دن مجھ سمیت پوری قوم اپنے آباؤاجداد اور تحریک پاکستان کے اُن لاتعداد گمنام ہیروز کی بے پناہ قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے جنوبی ایشیا میں کروڑوں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت، جہاں وہ اپنے عقائد اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں، کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔
شہباز شریف نے کہاکہ مملکت خداداد پاکستان علامہ محمد اقبال کے تصور کے عین مطابق 14 اگست 1947 کو قائداعظم محمد علی جناح کی غیر متزلزل اور ثابت قدم قیادت اور ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر ابھرا۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے بانیوں کی بے لوث اور مسلسل جدوجہد کی بدولت پاکستان ان کٹھن مشکلات سے نبرد آزما ہوا جن کا اسے ابتدائی مرحلے میں سامنا تھا۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔ قدرتی آفات اور معاشی و سماجی مشکلات کے ذریعے پاکستانی قوم کی ہمت اور استقامت کا امتحان لیا گیا ہے، اس کے باوجود پاکستان کی غیور و بہادر قوم کے عزم اور اتحاد کا جذبہ ہمیشہ غالب رہا ہے۔
