اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ،گالیوں کا طوفان ہے، ملک میں تقسیم در تقسیم کی جارہی ہے۔
وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں منعقدہ علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جب کہ کانفرنس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس ملک کے لیے قائداعظم کی قیادت میں تحریک چلائی گئی، 14 اگست کو 77 واں یوم آزادی منارہےہیں، لاکھوں ،کروڑوں لوگوں نے جان کی قربانی دی، اس ملک کےلیے ہمارے آباؤاجداد نے بہت قربانیاں دیں، ہمیں آج جتنا متحد ہونےکی ضرورت ہےپہلے نہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ،گالیوں کا طوفان ہے، ملک میں تقسیم در تقسیم کی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جتنی قومی یکجہتی کی ضرورت ہے آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی ۔انہوں نے کہا کہ قرض کے چنگل سے آزادی حاصل کرنا آسان کام نہیں ، ہمیں روکھی سوکھی کھانی ہے قرض سے نجات دلانی ہے ،
انہوںنے کہا کہ غریب آدمی مہنگائی میں پس گیا ہے لیکن غریب کو مہنگائی اور مہنگی بجلی سے فوری آزاد نہیں کرسکتے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علما و مشائخ ملک کی نوجوان نسل کی اخلاقی قدوروں کی اصلاح، وطن سے محبت اور اس کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اداروں سے عقیدت کا رشتہ مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے قران حکیم کے ارشادات اور احادیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے علما و مشائخ کی قدر و منزلت پر روشنی ڈالی اور کہا یہ وہ جماعت ہے جو لوگوں کو حق کا راستہ دکھاتی ہے، یہ ممبر و محراب کے وارث ہیں اور ان کی رہنمائی ہمارے معاشرے کی مذہبی، معاشرتی، اخلاقی اور روحانی تربیت کے لیے اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا علما کرام اللہ اور اس کے بندوں کے درمیان رابطے کا اہم کردار ادا کرتے ہیں، علما کرام کی تعلیمات کے ہمارے معاشرے پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں، یہی وہ جماعت ہے جو لوگوں کو خیر کی طرف بلاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علما و مشائخ کی جماعت معاشرے کی اخلاقی اور دینی تربیت کی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقام و مرتبے کا تقاضا ہے کہ پاکستان کو شر پسند عناصر کی طرف سے جو چیلنجز درپیش ہیں، ان سے نبرد آزما ہونے کے لیے علما کرام ہراول دستے کا کردار ادا کریں۔
غریب کو مہنگائی، مہنگی بجلی سے فوری آزاد نہیں کرسکتے، وزیر اعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
