Wednesday, February 5, 2025
ہومکامرسآئی پی پیز معاہدے معیشت کیلئے ناسور،پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں،احسن بختاوری

آئی پی پیز معاہدے معیشت کیلئے ناسور،پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں،احسن بختاوری

اسلام آباد:صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے آئی پی پیز معاہدوں کو انڈسٹری،بزنس کمیونٹی اور عوام کیلئے تباہ کن قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری معاہدوں پر نظر ثانی اور اب تک کی گئی آدئیگیوں کا فرانزک آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیمبر ہاؤس میں ممبر قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ،نائب صدر آئی سی سی آئی انجینئر اظہر اسلام،سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری،صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ سمیت دیگر کے ہمراہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ آئی پی پیز پاکستانی معیشت کیلئے ناسور بن چکے ہیں، 40 سال پرانے آئی پی پیز معاہدوں پر فوری نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں توانائی کی قیمتوں کی وجہ سے 30 فیصد انڈسٹری بند ہو چکی ہے، آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کیا جانا چاہیے، آئی پی پیز کا قبلہ درست کئے بغیر ملکی معیشت بہتر نہیں ہو سکتی، بزنس کمیونٹی پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جو آئی پی پیز معاہدوں کا جائزہ لے۔انہوں نے کہا کہ بند پڑے پاور پلانٹس کو بھی سالانہ 2 ہزار ارب روپے سے زائد کی کیپسٹی پیمنٹ کی جا رہی ہے۔آئی پی پیز معاہدے پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے۔

ہمیں آئی پی پیز معاہدوں کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں جانا چاہیے۔آئی پی پیز معاہدوں کی وجہ سے ملکی سلامتی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
بزنس کمیونٹی گوہر اعجاز اور ایس ایم تنویر کی قیادت میں آئی پی پیز کے خلاف تحریک چلائے گی۔آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے، یہ ظلم مزید نہیں چلنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کی وجہ سے پاکستان کا بزنس مین خطے میں سب سے زیادہ مہنگی خریدنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ اتنی مہنگی بجلی کی وجہ سے پاکستان میں نہ سرمایہ کاری ممکن ہے اور نہ ہی کاروبار کا فروغ ہو سکتا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مطالبات جائز ہیں، انہیں اسمبلی فلور پر اٹھائیں گے، اگر ملک معاشی طور پر تباہ ہوتا ہے تو اس کی صرف ایک وجہ آئی پی پیز معاہدے اور توانائی سیکٹر ہو گا، حکومت سے کہنا چاہتے ہیں خدارا اپنے ملک کا سوچیں، آئی پی پیز معاہدوں کی تفصیلات قوم کے سامنے لائی جائیں۔

آئی پی پیز معاہدوں میں غلط بیانی کی گئی یہ معاملہ عالمی عدالت میں اٹھایا جائے، جو آئی پی پیز اپنی مدت پوری کر چکے اور لاگت سے تین گنا زیادہ منافع حاصل کر چکے، حکومت انہیں سکریپ کے طور پر خرید لے، کیپسٹی چارجز کے نام پر عوام پر ہونے والا ظلم اب بند ہونا چاہیے، نائب صدر آئی سی سی آئی انجینئر اظہر اسلام ظفر نے کہا کہ خوشی ہے کہ آج آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف ہر جگہ آواز اٹھائی جا رہی ہے، آئی پی پیز معاہدوں کی وجہ سے معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، آئی پی پیز سے مہنگے معاہدوں کے زمہ داروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔