Friday, September 20, 2024
ہومبریکنگ نیوزبنوں واقعے پر صوبائی حکومت اور فوج کے خلاف وفاقی اداروں نے پروپیگنڈا کیا، بیرسٹر سیف

بنوں واقعے پر صوبائی حکومت اور فوج کے خلاف وفاقی اداروں نے پروپیگنڈا کیا، بیرسٹر سیف

پشاور(آئی پی ایس )خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بنوں واقعے پر وفاقی اداروں نے صوبائی حکومت اور فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا، جس میں عطا تارڑ کا کردار مضحکہ خیز ہے۔وزیراعلی علی امین گنڈاپورکی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایپکس کمیٹی کااجلاس وزیراعلی کی زیرصدارت ہوا جس میں عسکری حکام اوربنوں جرگہ ارکان شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورت حال پر غور کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بنوں میں کینٹ حملے میں 8 فوجی اہلکار اور دو سویلین شہید ہوئے جبکہ 19 جولائی کے احتجاج میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ بیرسٹر سیف نے بتایا کہ گزشتہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دوررس فیصلے کیے گئے تھے، حکومت نے فوری طورپر معاملے کوکنٹرول میں لیا اور حالات کوپرامن کیا، امن کمیٹی سے بات چیت ہوئی اورمطالبات وزیراعلی کوپیش کیے گئے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم نے صوبہ بھرسے متعلق 16 نکات پر بات چیت کی، جس میں عزم استحکام بھی شامل ہے، آپریشن عزم استحکام کے لیے طریقہ کار ہونا چاہیے بصورت دیگر اس کی اجازت نہیں دے سکتے، اس آپریشن کے حوالے سے جان بوجھ کر کنفیوژن پیدا کی گئی لیکن یہ کوئی نیا فوجی آپریشن نہیں ہے جبکہ جوکاروائیاں پہلے سے چل رہی ہیں وہ جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہر آپریشن کے فرنٹ پر پولیس اورسی ٹی ڈی ہوں گی، 3.3 ارب روپے پولیس اور سی ٹی ڈی کو وسائل کی فراہمی کے لیے دیئے گئے ہیں، سیکورٹی اہلکار بڑھائیں گے، 500 اہلکار کلاچی کے لیے ہونگے، سی ٹی ڈی کے لیے متعلقہ اضلاع سے بھرتی کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کیلیے عسکری قیادت مکمل طورپرتعاون کرے گی جبکہ ایپکس کمیٹی کا دائرہ کار ڈویژنل اوراضلاع تک پھیلایا جائیگا، دہشت گردوں کی ناکہ بندی اورچیک پوسٹوں پرمکمل پابندی اورایکشن لیاجائے گا اور جنوبی اضلاع کے لیے زیادہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اورسی ٹی ڈی فرنٹ پررہتے ہوئے کاروائیاں کرے گی جبکہ بنوں واقعہ کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنے گا جبکہ ہم انتظامی رپورٹ مرتب کررہے ہیں، جیسے ہی چیف جسٹس عدالتی کمیشن کے لیے رکن نامزد کریں گے تو انتظامی انکوائری بھی ان کے تحت آجائے گی۔

بیرسٹر سیف نے کہ کہ وزیراعلی کل بنوں کا دورہ کریں گے اور وہاں پر تین بجے عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے، سیاست سے قومی مفادات کونقصان پہنچتا ہے، فوج اور صوبائی حکومت کے خلاف بنوں کے حوالے سے پروپیگنڈہ کیا گیا اور وفاقی حکومت کے ادارے پروپیگنڈہ میں مصروف رہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔