Friday, October 18, 2024
ہومپاکستانجماعت اسلامی کا مہنگائی اور ٹیکسز کیخلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان

جماعت اسلامی کا مہنگائی اور ٹیکسز کیخلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان

لاہور(آئی پی ایس ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں بے تحاشا ٹیکسز کیخلاف 26 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی منہگائی کے خلاف آج ملک گیراحتجاج کر رہی ہے، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں دھرنے ہوں گے جب کہ بجلی ٹیرف میں بے تحاشا ٹیکسز کے خلاف 26جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دیا جائے گا اور مطالبات کی منظوری تک نہیں اٹھیں گے۔ مرکزی امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 26جولائی کو اسلام آباد میں عوام کو پرامن دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، عوام دشمن اقدامات کیخلاف حق دو عوام کو تحریک چلا رہے ہیں، عوامی حقوق کے لیے سڑکوں پر بھی نکلیں گے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ہماری تحریک عوام دشمن بجٹ کیخلاف ہے، حکمران آئی ایم ایف کے حکم پربجلی بلوں میں اضافہ کر رہے ہیں، حکومت کو بجلی کے بھاری بلوں اور ظالمانہ سلیب سسٹم پرعوام کو ریلیف دینا ہوگا۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، عدالت کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی کوئی اخلاقی حیثیت باقی نہیں رہی، چیف الیکشن کمشنر فوری طورپر استعفیٰ دیں۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ ایک جوڈیشل کمیشن بنائے اور فارم 45کی بنیاد پر ہر سیٹ کا فیصلہ کرے، انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والی پارٹیوں نے مخصوص نشستیں لے لیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ آدھا نہیں پورا قبول کیا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔