اسلام آباد (سب نیوز )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر بیرسٹر سید علی ظفر کا کہنا ہے کہ خاور مانیکا پر عدالت کے حاطے میں حملہ کرنے والے پی ٹی آئی کے وکلا نہیں تھے۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جن وکلا کو میں جانتا ہوں حملہ آور ان میں سے نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ کسی وکیل کو بھی کسی صورت یہ حق نہیں ہے کہ وہ کسی پر ہاتھ اٹھائے۔بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ واقعے میں جو بھی ملوث تھا ان کے لائسنس ختم ہونے چاہئیں۔انہوں نے چئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کے عمران خان کے اکانٹ سے ہونے والے ٹوئٹس پر دی گئی وضاحت پر کہا کہ جب سے ٹوئٹ ہوتے ہیں، وہ عمران خان صاحب کے ٹوئٹس ہوتے ہیں اور وہی اپروو کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹس عمران خان صاحب کی انسٹرکشنز (ہدایات) کے تحت ہی ہوتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں کنفرم کرسکتا ہوں کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی نہ ہونے جارہی ہے، یہ افواہیں ہیں۔ جو کچھ پی ٹی آئی کے ساتھ ہو رہا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی۔
