جدہ (خالد نواز چیمہ )وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے پاکستان جرنلسٹ فورم سے ملاقات کی اورحج انتظامات پراطمینان کااظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے آج یہاں جدہ کے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف حج مشن میں پاکستان جرنلسٹ فورم کے امیر محمد خان جمیل راٹھور محمد عدیل خالدنواز چیمہ سے ملاقات کی۔
گفتگو کے دوران وزیر نے حکومت پاکستان کی طرف سے مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اپنے عازمین کے لیے کیے گئے مجموعی حج انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستانی حج کی تاریخ میں پہلی بار مدینہ منورہ میں عازمین کی تمام رہائشیں مسجد نبوی کے قریب واقع ’مرکزیہ‘ کے اندر مہیا کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے بڑھتے ہوئے اخراجات کے باوجود اس سال حج گزشتہ سال کے حج سے سستا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلی بار تمام سرکاری عازمین کو مناسک حج کے دوران مقدس مقامات تک ٹرین کے ذریعے پہنچایا جائے گا۔
وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر کیٹرنگ سروسز اور کھانے کے انتظامات کا دورہ کیا اور حجاج کرام سے بات چیت کے دوران انتظامات کو تسلی بخش پایا۔
بات چیت کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمان نے بتایا کہ وزارت مزہبی امور حجاج کی سہولت اور رہنمائی کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال پر اپنی توجہ بڑھا رہی ہے اور پہلی بار حجاج کی سہولت کے لیے ایک حج ایپ لانچ کی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے کہا کہ حج انتظامات مسلسل بہتری کا عمل ہے اور ہمارے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔
چوہدری سالک حسین جن کے پاس اوورسیز پاکستانیز کی وزارت کا اضافی قلمدان بھی ہے نے اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور بیرون ملک ملازمت کے لیے انسانی وسائل کی ترقی کو بہتر بنانے کی ضرورت سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
صحافیوں نے صحافیوں نے چوہدری سالک حسین سے درخواست کی جدہ قونصلیٹ میں ویلفیئرشعبے میں عملے کو بڑھایا جائے اور قونصلیٹ میں ویلفیئر کاونگ وزارت اوورسیز کے حوالے کیا جائے تاکہ تارکین وطن کے مسائل فوری حل ہو سکیں ویلفیئر شعبے کی ٹرانسپورٹ بھی بڑھائی جائے
