تل ابیب(آئی پی ایس ) حماس کے 7 اکتوبر کے حملے کے بعد سے اب تک غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کے 10 فوجیوں نے خودکشی کرلی۔
اسرائیلی اخبار ہاریٹز نے انکشاف کیا ہے کہ خودکشی کرنے والے فوجیوں میں سے کچھ نے غزہ میں عین حماس سے جھڑپ کے دوران اپنے ہاتھوں اپنی جان لے لی۔خودکشی کرنے والوں میں جوانوں کے ساتھ ساتھ افسران بھی شامل ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ نے فوجیوں کو ذہنی و نفسیاتی پر بری طرح متاثر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خاص طور پر تیس اور چالیس کی عمر کے فوجیوں میں خودکشی کا رجحان زیادہ ہے اور اسرائیلی فوج کیلیے یہ انتہائی غیر متوقع صورتحال ہے جس سے اسے پہلے کبھی واسطہ پیش نہیں آیا، تاہم اسرائیلی فوج تاحال خودکشی کرنے والوں کے نام یا تفصیلات بتانے سے گریزاں ہے۔اسرائیلی فوج کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ان خودکشیوں اور 7 اکتوبر کے واقعات کے درمیان اگرچہ کوئی باہمی تعلق نہیں ملا لیکن اہلخانہ افراد اور ساتھی فوجیوں نے یہی بتایا ہے کہ حماس کے حملے نے فوجیوں پر نفسیاتی اثرات مرتب کیے ہیں۔
