Friday, March 13, 2026
ہومبریکنگ نیوزگوجرانوالہ سے لیگی ایم این اے کی کامیابی کالعدم، پی ٹی آئی امیدوار کامیاب

گوجرانوالہ سے لیگی ایم این اے کی کامیابی کالعدم، پی ٹی آئی امیدوار کامیاب

لاہور(نیوزڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ سے لیگی ایم این اے اظہر قیوم کی کامیابی کالعدم اور پی ٹی آئی کے بلال اعجاز کو کامیاب قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 81 گوجرانوالہ پی ٹی آئی امیدوار چوہدری بلال اعجاز کی درخواست پر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔
عدالت نے بلال اعجاز کی درخواست منظور کرتے ہوئے ن لیگی ایم این اے اظہر قیوم ناہرا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا جبکہ مخالف امیدوار بلال اعجاز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کر دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو کیسے نظر انداز کیا، کیا سپریم کورٹ کا فیصلہ نظر انداز کرنا توہین عدالت نہیں، جب الیکشن پراسس مکمل ہو جائے تو الیکشن کمیشن کیسے مداخلت کرسکتا ہے۔
درخواست گزار کا موقف تھا کہ 8 فروری کے عام انتخابات میں درخواست گزار سات ہزار سے زائد ووٹوں سے منتخب ہوا، دوبارہ گنتی میں ن لیگی امیدوار اظہر قیوم ناہرا کو 3100 ووٹوں سے جتوا دیا گیا، دوبارہ گنتی میں درخواست گزار کے 10 ہزار سے زائد ووٹ مسترد کیے گئے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ قانون کے مطابق ٹربیونل بننے کے بعد الیکشن کمیشن گنتی کا حکم جاری نہیں کر سکتا، عدالت الیکشن کمیشن کا دوبارہ گنتی کا حکم کالعدم قرار دے اور ن لیگی امیدوار اظہر قیوم ناہرا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔