اسلام آباد (سب نیوز)اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے ایم بی بی ایس طلبا کے اٹھارویں اور بی ڈی ایس طلبا کے چودھویں بیچ کا 2 الگ الگ اورینٹیشن تقریبات میں استقبال کیا۔ 2024 سیشن کے نئے طلبا کا کالج انتظامیہ، فیکلٹی ممبران اور اعلی انتظامیہ کے اراکین نے پرتپاک استقبال کیا۔ نئے طلبا کے لیے مختلف معلوماتی، آگاہی اور تفریحی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔
کالج کے چیئرمین ڈاکٹر غلام اکبر خان نیازی، چیف ایگزیکٹیو یاسر خان نیازی، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید عرفان احمد، پرنسپل ڈینٹل سیکشن پروفیسر ڈاکٹر ہارون شاہد قاضی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر خورشید احمد نے اورینٹیشن میں شرکت کی۔
چیئرمین اور پرنسپل صاحبان نے نئے طلبا کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر چیئرمین نے کہا کہ اسلام آباد میڈیکل، ڈینٹل کالج ملک کے بہترین کالجوں میں سے ایک ہے اور یہاں کے طلبا اعلی معیار کی تعلیم، رہنمائی اور وسائل سے مستفید ہو کر طب اور دندان سازی کے شعبے میں کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔
یاسر خان نیازی نے نئے طلبا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ، “یہ آپ کی زندگی میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ آپ کو اس سفر میں اپنے مستقبل کی ذمہ داری خود قبول کرنی ہو گی اور ان تھک محنت اور لگن سے خود کو معاشرے کا زمہ دار حصہ بنانا ہو گا۔ انہوں نے طلبا کو بتایا کہ کالج اپنے نظام میں مصنوعی ذہانت پر مبنی تعلیم کو شامل کر رہا ہے تاکہ ہمارے ڈاکٹرز اعلی معیار کی تعلیم و تربیت حاصل کر سکیں۔
عمران علی غوری، کالج کے ہیڈ آف کمیونیکیشن، نے میڈیا کو بتایا کہ ایک معاون اور جامع تعلیمی ماحول کو فروغ دینے کی اہمیت کے پیش نظر اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی فیکلٹی اور عملہ ہر قدم پر طلبا کی رہنمائی اور مدد کے لیے وقف ہے۔
اس تقریب نے نئے طلبا کو اپنے ساتھیوں سے جان پہچان بنانے اور کالج انتظامیہ و اساتذہ سے رابطہ قائم کرنے کا ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔تمام نئے طلبا نے کالج کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کالج کی طلبہ سوسائٹیز کی جانب سے لگائے گئے استقبالیہ اسٹالز پر دی گئی معلومات اور تفریحی سرگرمیوں سے بھی مستفیدہوئے۔

