اسلام آباد، تربیلا ڈیم میں مٹی آجانے سے بجلی کی پیداواربند ہوگئی جس کی وجہ سے مشینری کوبھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق بجلی کے نظام میں اس وقت تربیلا سے ہی 4 ہزارمیگاواٹ سے زائد پیداوار میں کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور مجموعی شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے زائد ہوگیا۔ذرائع کے مطابق تربیلا سے بجلی کی پیداوار آنے میں وقت لگے گا اور بجلی کے شارٹ فال کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر پہنچ گئی ہے، لاہور کی گنجان آبادیوں میں بجلی کی بندش کا زیادہ سامنا ہے۔لیسکو حکام کے مطابق لیسکو میں بجلی کی طلب 5 ہزارمیگا واٹ سے تجاوز کرگئی اور بجلی کی سپلائی 4 ہزار میگاواٹ کے قریب ہے جب کہ شارٹ فال ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیاہے جس کی وجہ سے دیہات اور چھوٹے شہروں میں بجلی فراہمی کی صورتحال بدتر ہو گئی ہے۔بجلی بحران کی وجہ سے لاہور کے علاوہ اسلام آباد، پشاور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، اسلام آبادکے سیکٹر جی 6 ون تھری میں بھی رات گئے بجلی کی فراہمی بند ہوگئی جب کہ پشاور کے نواحی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا۔کراچی میں بھی بجلی کی طویل بندش معمول کی بات بن گئی ہے اور شہر میں رات گئے بھی کئی علاقوں میں 4 گھنٹے تک بجلی معطل رہی۔ذرائع کے مطابق بجلی کا مجموعی شارٹ فال 7 سے 8 ہزار میگاواٹ پر برقرار ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپر)نے ملک میں اضافی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے سی ای او سمیت بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان کو طلب کرلیا ہے۔
تربیلا ڈیم میں مٹی آجانے سے بجلی کی پیداواربند ،ملک میں بجلی بحران شدید، کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
