ہوماسلام آبادڈبلیو ایچ او کے تعاون سے جی نائن میں ماڈل کوویڈ 19ویکسینیشن سنٹر کا افتتاح

ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے جی نائن میں ماڈل کوویڈ 19ویکسینیشن سنٹر کا افتتاح

اسلام آباد،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور ریجنل ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر احمد المن ھاری نے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے ایم سی آئی ڈائریکٹوریٹ فار ہیلتھ سروسز کے جی نائن میڈیکل سنٹر میں ماڈل کوویڈ 19ویکسینیشن سنٹر کا افتتاح کر دیا ۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی سیدہ شفق ہاشمی ،ڈبلیو ایچ او کی کنٹری نمائندہ ڈاکٹر پیلتھا مہیپالا ، ڈی جی ہیلتھ سروسز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سنٹر میں سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو کورونا کی مہلک وبا نے گھیرے میں لیا ہوا ہے ،امریکہ ، انڈیا ، برازیل ، فرانس ، ترکی ، روس ، برطانیہ ، اٹلی ، ارجنٹائن ، جرمنی ، اسپین وغیرہ بھی مہلک وبا سے بری طرح متاثر ہوئیں ۔ پاکستان نے بھرپور حکمت عملی اور منصوبہ بندی سے اس وبائی مرض کا مقابلہ کیا ، آج پوری دنیا کورونا کے خلاف وزیراعظم عمران خان کی کامیاب حکمت عملی کو سراہ رہی ہے۔اسلام آباد میں مارچ میں کورونا پیک پر رہا تاہم اب اللہ کے فضل و کرم سے ہر روز کیسز میں کمی ہو رہی ہے ۔مشرقی بحیرہ روم کیلئے ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد المندھاری نے اس موقع پر ویکسی نیشن سنٹر کی اپ گریڈیشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صحت کی دیکھ بھال کے دیگر شعبوں میں بھی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے پروگرام مینجمنٹ اور نگرانی کی سرگرمیوں کو مستحکم کرنے کیلئے پہلے ہی ڈی ایچ ایس کو معاونت فراہم کی ہے اور اس تعاون کو مزید بڑھانا ہوگا۔ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی سیدہ شفق ہاشمی نے تقریب میں چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کا پیغام دیتے ہوئے بتایا کہ ایم سی آئی کا ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ سروسز اسلام آباد کے لوگوں کی زندگیوں کو بچانے کیلئے اہم ترین فرائض انجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے ویکسینیشن سینٹر کی اپ گریڈیشن کیلئے فنڈنگ پر ڈبلیو ایچ او کا شکریہ ادا کیا۔ڈی جی ہیلتھ ایم سی آئی ڈاکٹر یوروج نے اس موقع پر کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے ڈی ایچ ایس اسلام آباد کو “بین الاقوامی صحت مند شہر نیٹ ورک” میں رجسٹر کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد کے شہریوں کیلئے ایک ماڈل و جامع ہیلتھ کیئر پروگرام تیار کرنے میں ڈبلیو ایچ او کی مدد کی بھی تعریف کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔