Thursday, March 12, 2026
ہومٹاپ سٹوریپاک ایران کشیدگی کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب

پاک ایران کشیدگی کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب

اسلام آباد (سب نیوز) پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج دوپہر 2 بج کر 45 منٹ پر ہو گا، اجلاس کی صدارت نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کریں گے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،آرمی چیف، نیول اور پاک فضائیہ کے چیف اور خفیہ اداروں کے حکام شریک ہوں گے۔

خصوصی اجلاس میں پاک ایران کشیدگی پر بریفنگ دی جائے گی، قومی سلامتی کمیٹی امن و امان کی صورتحال پر اہم فیصلے بھی کرے گی، اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج ہو گا جس میں ملک کی موجودہ سلامتی کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے میزائل حملے کا جواب دیتے ہوئے ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو مرگ بر سرمچار کا نام دیا گیا تھا، اس دوران پاکستان میں کارروائیاں کرنے والے متعدد دہشتگرد مارے گئے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کی ترجمان نے آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے سنجیدہ تحفظات پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے نام نہاد سرمچار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے، گزشتہ صبح دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس کی روشنی میں کی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔