ہومپاکستانعمران خان کی فوٹو شاپ معاشی ترقی کو عوام مسترد کر چکے ہیں،بلاول بھٹو زرداری

عمران خان کی فوٹو شاپ معاشی ترقی کو عوام مسترد کر چکے ہیں،بلاول بھٹو زرداری

کراچی ،پاکستان پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کہ بڑی بڑی باتیں کرنا وزیر اعظم عمران خان کی عادت ہے،عمران خان کی فوٹو شاپ معاشی ترقی کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ پہلے نام نہاد کرپشن کے اعداد و شمار میں مبالغہ آرائی کی گئی، اب جعلی معاشی ترقی کے گن گائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 21 فیصد سے زائد شرحِ غربت معاشی ترقی کے دعووں کو غلط ثابت کر رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معاشی بدحالی کو ایڈٹ کر کے معاشی ترقی بنا دینے سے پاکستان کے عوام کی قسمت نہیں بدلے گی۔ عمران خان کی فوٹو شاپ معاشی ترقی کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔بلاول بھٹو نے سوال کیاکہ اگرمعاشی شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے تو پی ٹی آئی کیوں کے پی کے اعلی تعلیمی اداروں کے بجٹ میں کٹوتی کررہی ہے؟ عالمی اداروں کی جانب سے شرح غربت 40 فیصد کا اندازہ ایک تشویش ناک صورت حال کی طرف اشارہ ہے ۔ ان کاکہنا تھا کہ تباہ کن مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کردیا، ایسے میں فراڈ معاشی ترقی کی باتیں عوامی غم و غصے کو مزید بھڑکارہی ہیں۔بلاول بھٹو نے کہاکہ مہنگائی،بے روزگاری اور کرپشن سے نجات کیلئے ضروری ہے کہ عمران خان کے اسٹیٹس کو کو توڑا جائے۔ معاشی مسائل سے ناواقف عمران خان نے اقتدار تو ہتھیالیا مگر انہیں اب تک علم نہیں کہ ملک کیسے چلایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصف صدی کے تجربے کی حامل پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کی معاشی سمت کو درست کرسکتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔