اسلام آباد ،سی ڈی اے انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ ایف نائن پارک سے محمدوقاص کی سربراہی میں ملازمین کی کثیر تعداد ایمپلائز یونین پاشاگروپ اور لیبریونین امان اللہ گروپ کو چھوڑکر مزدور یونین چوہدری محمد یسین گروپ میں شامل ہو گئی
اس موقع پر پاکستان ورکرز فیڈڑیشن کے سیکرٹری جنرل اور قائد مزدورچوہدری محمد یسین نے مرکزی الیکشن آفس میں ملازمین کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین محنت کش کے ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور بطور مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہم تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین اور ورکروں کا احترام کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ سی ڈی اے مزدور یونین میں ہرسیاسی و مذہبی جماعت اور ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں ،سی ڈی اے مزدور یونین نے جمہوری روایات کو برقراررکھتے ہوئے ہر منتخب حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور ہمیشہ مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے ملازمین کے مسائل کو حل کروایا جبکہ ماضی میں ادارے میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے ملازمین اورادارے دونوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،سی ڈی اے کے محنت کش نے بذریعہ ووٹ مسلسل تین دفعہ مزدور یونین پر اعتماد کرتے ہوئے اپنے مسائل کے حل کے لیے منتخب کیا اور تاریخ گواہ ہے کہ سی ڈی اے مزدور یونین کی قیادت اور ہماری ٹیم نے ادارے کے محنت کش کو کبھی مایوس نہیں کیا اور ہماری گیارہ سالہ جدوجہد کے نتیجے میں سی ڈی اے کا محنت کش آج تاریخی مراعات سے مستفید ہو رہا ہے اور آج پھر ملازمین جوق درجوق ہمارے مخالفین کو چھوڑ کر ہماری تنظیم میں شامل ہو رہے ہیں اورسیاسی یتیموں کا ٹولہ آج ایک بارپھر مزدور کا اعتماد کھونے کے بعد سیاسی چھتریوں کی تلاش میں ہے لیکن عبرت ناک شکست ان کا مقدربن چکی ہے ۔
