اسلام آباد(آئی پی ایس )سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جمہوریت کے فروغ کے لیے صحافتی برادری کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے،صحافت کا شعبہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافت اور سیاست دونوں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور دونوں اسٹیک ہولڈرز کا فرض ہے کہ وہ ملک کی ترقی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کی اصل طاقت صحافی حضرات اور میڈیا ورکرز ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاس اسلام آباد میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے)کے اراکین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی آر اے عوام اور پارلیمنٹ کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے میں پی آر اے ممبران کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹرینز اور پارلیمنٹ کے مثبت تشخیص کو اجاگر کرنے میں صحافی برادری کا مرکزی کردار ہے۔ عوام کے بہترین مفاد میں ریکارڈ قانون سازی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فافن کی رپورٹ کے مطابق انہیں گزشتہ سولہ ماہ کے دوران قومی اسمبلی کے ریکارڈ اجلاسوں کی صدارت جن میں ریکارڈ قانون سازی کی گئی کا کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے میڈیا کے ذریعے پارلیمان کے مثبت تشخیص کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے میڈیا کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیمرا ترمیمی بل کی کامیاب منظوری صحافیوں اور میڈیا کے نمائندوں کی فلاح و بہبود کے لیے موجودہ پارلیمنٹ کے فعال کردار کا مظہر ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارلیمنٹ وہ جگہ ہے جہاں پاکستان کی 23 کروڑ عوام کی نمائندگی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے گزشتہ ڈیڑھ سال سے عام لوگوں کے لیے قانون سازی پر توجہ مرکوز رکھی۔صحافیوں کی خدمات کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز نے ہمیشہ پارلیمنٹ کا مثبت تشخیص اجاگر کیا ہے۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) کے صدر صدیق ساجد نے میڈیا خصوصا پی آر اے کے ساتھ تعاون پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پی آر اے اراکین کی جانب سے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے پیمرا ترمیمی ایکٹ کی کامیاب منظوری پر اسپیکر قومی اسمبلی کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل سیکرٹری سید شمعون ہاشمی اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا ظفر سلطان کی جانب سے پی آر اے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھائے گے اقدامات کی قابل ستائش قرار دیا۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی نے صدر پی آر اے صدیق ساجد، سابق صدور پی آر اے بہزاد سلیمی، قربان بلوچ اور نائب صدر پی آر اے احمد نواز سمیت دیگر بہترین پارلیمانی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو آئین کی گولڈن جوبلی تقریب کے حوالے سے یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔ تقریب میں میڈیا کے سینئر نمائندوں، صحافی برادری کے ارکان اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ مزید برآں پی آر اے کے صدر صدیق ساجد نے سپیکر قومی اسمبلی کو پی آر اے ممبران کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دینے پر یادگاری شیلڈبھیپیشکی۔
