ہومبریکنگ نیوزپرویز خٹک کانئی پارٹی کا اعلان،تحریک انصاف کا ردعمل بھی سامنے آگیا

پرویز خٹک کانئی پارٹی کا اعلان،تحریک انصاف کا ردعمل بھی سامنے آگیا

اسلام آباد(سب نیوز)پرویزخٹک کی جانب سے جماعت کے اعلان کا معاملہ ،پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل بھی سامنے آگیا

ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مون سون جاری ہے اور ملک میں ساون کے گھاس کی طرح سیاسی جماعتیں اُگ رہی ہیں،ملک میں جمہوریت کی کھڑی فصل کو 14 جماعتی ٹڈی دَل سے تباہ کرکے سیاست کو جھاڑ جھنکار سے آباد کرنے کی کوشش جاری ہے

ترجمان کے مطابق میدانِ سیاست میں ان نئی فصلوں کی آبیاری کے چیلنج میں ”محکمہ زراعت“ کے اہلکار شب و روز محنت سے ہلکان ہورہے ہیں

ترجمان کا کہنا تھا کہ چند ہفتے پہلے لاہور میں بویا جانے والا ،”استحکام“ مارکہ بیج گلا سڑا نکلا جو فصل بننے سے پہلے ہی خاک میں مل گیا

ترجمان نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں ”پارلیمنٹیرین“ نامی بیج بھی عوامی ردّعمل کی پہلی بارش میں ہی بہہ جائے گا۔پسِ پردہ سازشوں میں شریک گندے انڈے بےنقاب کرنے اور انہیں تحریک انصاف سے الگ کرنے پر بہرحال ”محکمۂ زراعت“ اور اس کے ”عملے“ کے شکرگزار ہیں۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہاکہ ملکی سیاست طرح طرح کے رنگوں سے نکل کر سیاہ و سفید میں ڈھل چکی ہے،”عشق قاتل سے بھی، مقتول سے ہمدردی بھی“ اور ”سجدہ خالق کو، ابلیس سے یارانہ بھی“ کا زمانہ بیت چکا ہے

ترجمان پاکستان تحریک انصاف کے مطابق قوم یک زبان، ہم آواز اور یکجا ہوکر پوری یکسوئی سے آئین و قانون کی حکمرانی اور حقیقی آزادی کا پرچم تھامنے والے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے،

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔