لاہور(سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لیے ایک چیلنج ہے، عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ معاہدے کا مثبت پہلو یہ ہے کہ روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے۔وزیر اعظم نے لاہور میں وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت کامیاب نوجوانوں میں چیکس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ معاہدے کا مثبت پہلو یہ ہے کہ روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے، اب روپیہ اور ڈالر آسمان اور زمین پر نہیں جا رہے، اس میں اب استحکام آرہا ہے، اسی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ یہ پروگرام نہ ہوا ہوتا تو روپیہ کہاں اور ڈالر کا ریٹ کہاں ہوتا اور ہماری معاشی صورتحال طلاطم کا شکار ہوتی۔گزشتہ پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 4 سالہ دور میں جو تباہی بربادی ہوئی اس کو سامنے رکھیں، اربوں کے اسکینڈل چار سالوں کے دوران ہوئے، بی آر ٹی،مالم جبہ،چینی اسکینڈل،190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ہمارے زمانے میں تو نہیں ہوا، حقائق پر آپ نے فیصلہ کرنا ہے، عوام نے جو فیصلہ دیا اسے قبول کریں گے۔وزیر اعظم نےکہا کہ جن لوگوں نے شیطانی چرخہ چلایا، جو ملک کے خلاف سازش میں ملوث تھے، ان کی سازشیں، ان کے سمندر پار تانے بانے ناکام ہوئے، چند روز قبل اسرائیل کا پاکستان کے خلاف بیان آیا۔شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لیے حلوہ یا لڈو پیڑے نہیں ہے، یہ بہت چیلنجنگ پروگرام ہے، اگر ہم نے معاشی اصلاحات کیں، انقلابی اقدامات اٹھا کر جرات مندانہ فیصلے کرکے آگے بڑھے تو پاکستان کی معاشی ترقی آپ کے قدم چومے گی، اس کی ذمے داری مجھ سمیت ملک کی اشرافیہ کے اوپر ہے۔وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم باصلاحیت نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان شرائط پر کم سود والے قرض کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے، خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے اس اسکیم میں ان کا خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ جس کو بھی عوام آگے لائیں گے ہم تسلیم کریں گے، نواز شریف کو اگرموقع دیا تو وعدہ ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی،خوشحالی کی طرف لےکرجائیں گے۔
آئی ایم ایف پروگرام ہمارے لئے کوئی ’’لڈوپیڑے ‘‘ نہیں
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
