ہومبریکنگ نیوزسپریم کورٹ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کیخلاف ریفرنس جاری رکھنے کی درخواست خارج کردی

سپریم کورٹ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کیخلاف ریفرنس جاری رکھنے کی درخواست خارج کردی

اسلام آباد(سب نیوز)سپریم کورٹ نے سپریم جوڈیشل کونسل میں ججز کے خلاف کارروائی کے معاملے پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف ریفرنس جاری رکھنے کی درخواست خارج کر دی۔جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس غیر مثر ہونے کے خلاف کیس کا فیصلہ سنایا۔6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس منیب اختر نے تحریر کیا ہے، سپریم کورٹ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کے حوالے سے 13 جون کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

عدالتی فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ آئین پاکستان میں کسی جج کو ہٹانے کا اختیار سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے بعد صدر مملکت کو حاصل ہے، آئین میں ایک حاضر سروس جج اور ریٹائرڈ جج کی تفریق کو واضح کر رکھا ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کونسل ایسے جج کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتی جو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو چکا ہو، کسی جج کو پنشن اور مراعات سے محروم کرنے کا فورم بھی سپریم جوڈیشل کونسل ہی ہے۔ درخواست گزار نے سپریم جوڈیشل کونسل میں ججز کے خلاف شکایت آنے پر فوری کارروائی شروع کرنے کے احکامات دینے کی استدعا کی تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔