کابل:افغان میڈیا کے مطابق افغانستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے ترجمان شفیع اللہ رحیمی نے بتایا کہ سیلاب نے ملک کے تقریبا آٹھ صوبوں کو متاثر کیا، جن میں بدخشاں، پکتیا، کنڑ، بامیان، غور، تخار، نورستان اور پروان شامل ہیں۔رحیمی کے مطابق قدرتی آفت سے مالی نقصان ہوا، جس میں 30 رہائشی مکانات، 85 جانور اور سات پل تباہ ہوئے۔
افغان میڈیا کے مطابق اچانک سیلاب نے صوبہ غور کو متاثر کیا ، جس سے فیروزکوہ شہر میں چار خواتین، ایک مرد اور ایک بچہ جاں بحق ہوا۔اسی طرح کا ایک واقعہ مشرقی صوبے ننگرہار میں پیش آیا جس میں 4 افراد جاں بحق اور پچیس سے زائد زخمی ہوئے۔افغان میڈیا کے مطابق اپریل 2023 میں آنے والے سیلاب اور زلزلوں کی وجہ سے ملک کے 31 صوبوں میں کم از کم 29 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
دریں اثنا حکام نے بتایا کہ قدرتی آفات سے جانی اور مالی نقصانات ہوئے، جن میں 848 جانوروں کی موت، 155 مکانات کی تباہی، 1,242 مکانات کا جزوی نقصان اور 7,106 ایکڑ زرعی اراضی کا نقصان شامل ہے۔ افغانستان سیلاب، زلزلہ، برفانی تودے، شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سمیت مختلف قدرتی آفات کا سب سے زیادہ خطرہ ہے۔
