اسلام آباد (نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی راہنماوں سے مشاورت کے بعد ڈاکٹر امجد کو پاکستان مسلم لیگ کا مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل نامزد کردیا۔
مشاورتی اجلاس میں مسلم لیگ کے مرکزی چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور،سنئر راہنماء چوہدری شافع حسین،سنئیر نائب صدر چوہدری سالک حسین، مرکزی نائب صدر مسز فرخ خان،شمالی پنجاب کے صدر انصر فاروق،سینئرنائب صدر پنجاب یاسر عرفات، مسلم لیگ فیڈرل کیپٹل کے صدر رضوان صادق خان،جنرل سیکرٹری چوہدری جہانگیر، عاطف مغل، حافظ عقیل جلیل سمیت مرکزی راہنماء شریک ہوئے۔
ڈاکٹر امجد سابق وفاقی وزیر ہیں،وہ مسلم لیگ ق فیڈرل کیپٹل کے صدر، آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل، تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات اور عمران خان کے فوکل پرسن رہ چکے ہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے ڈاکٹر محمد امجد کو پارٹی کی اہم ذمہ داری سونپتے ہوئے یہ یقین ظاہر کیا کہ وہ پارٹی کو فعال اور متحرک بنانے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
ڈاکٹر امجد سینئرایڈیشنل سیکرٹری جنرل ہوں گے جبکہ وہ اسلام آباد کے حلقہ NA 53 سے مسلم لیگ ق کے امیدوار بھی ہوں گے۔
چودھری شجاعت حسین اور چوہدری محمد سرور نے ڈاکٹر امجد کو اسلام آباد سمیت تمام صوبوں میں پارٹی دفاتر آپریشنل کرنے کی بھی ذمہ داری سونپ دی،بعد ازاں پارٹی کے نومنتخب ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پارٹی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک سے تفصیلی ملاقات کی اور پارٹی امور پر ان سے مشاورت کی،مصطفیٰ ملک نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر امجد پارٹی کو مزید فعال اور متحرک بنانے کے لیے بھرپور اقدمات اٹھائیں گے اور انکی تقرری سے پارٹی مزید مضبوط ہو گی۔
ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا میں اس اہم ذمہ داری ملنے پر چوہدری شجاعت حسین ،چوہدری سرور ، پارٹی قیادت کا مشکور ہوں ، میں نے سیاست چوہدری شجاعت حسین سے سیکھی ہے اور انکی روایات کو لے کر آگے چلوں گا اور مسلم لیگ کو گراس روٹ لیول تک منظم کروں گا۔
انہوں۔نے کہا کہ مسلم لیگ آئندہ انتخابات میں بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی،دیگر جماعتوں سے لوگ رابطے میں ہیں، قوم کو صاف ستھری قیادت دیں گے،ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ چند روز میں اسلام آباد میں سنٹرل سیکرٹریٹ آپریشنل ہو جائے گا ،تنظیم سازی کو جلد مکمل کیا جائے گا ، اہل لوگوں کو آگے لائیں گے
ڈاکٹر محمد امجد مسلم لیگ ق کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل نامزد
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
