ماسکو:روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر ایک زیادہ موثراور کثیرالجہتی جمہوری عالمی نظام کی تشکیل کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ سیاست، معیشت، تعلیم، ثقافت اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے اسلام آباد کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستانی عوام سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ماسکو دہشت گردی اور دیگر سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ ایک اہم سکیورٹی پارٹنر کے طور پر برتاو کرتا ہے۔ہم پاکستان کو سرحد پار جرائم اور دہشت گردی سمیت مشترکہ سیکورٹی چیلنجوں اور خطرات سے نمٹنے کی مشترکہ کوششوں میں ایک اہم بین الاقوامی شراکت دار سمجھتے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے تجارت اور معیشت کے شعبوں میں نمایاں اضافہ دیکھا ہے، جس میں روس جنوبی ایشیائی ملک کو گندم فراہم کرنے والے اہم ملک کے طور پر ابھرا ہے۔
