اسلام آباد (سب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج پوری قوم یوم تکریم شہدا پاکستان انتہائی عقیدت سے منا رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن شہدا، غازیوں کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار ہے، میں 9 مئی کے پر تشدد اور المناک واقعات کو محض ایک احتجاج کے طور پر نہیں دیکھتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ان پر تشدد واقعات کی منصوبہ بندی کی وہ بہت ہی خطرناک تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔
یہ دن منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا اور قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔
