Sunday, December 22, 2024
ہومپاکستانپاکستان اور روس کے تعلقات میں بہتری آرہی ہے ،شاہ محمود قریشی

پاکستان اور روس کے تعلقات میں بہتری آرہی ہے ،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روس خطے کا انتہائی اہم ملک ہے، پاکستان کے اس سے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے، روس کے وزیر خارجہ 9سال بعد آج پاکستان آئیں گے۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ خطے میں تعاون کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سرگئی لیوروف کے دورہ پاکستان سے متعلق ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔ نارتھ ساوتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو ہم دونوں آگے بڑھانا چاہتے ہیں، ہمارے ہاں جب آٹے کا بحران پیدا ہوا تو روس نے ہمیں بروقت گندم فراہم کی، روسی وزیر خارجہ کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ پاکستان اور روس مل کر افغان امن عمل میں کردار ادا کر رہے ہیں، 18 مارچ کو ماسکو میں ایک سہ فریقی اجلاس ہوا جس میں پاکستان نے شرکت کی، دشنبے میں میری ایمبیسڈر ضمیر کابلوف کے ساتھ ملاقات ہوئی، ایمبیسڈر ضمیر کابلوف کے ساتھ افغان امن عمل میں ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ دہلی سے ہو کر آ رہے ہیں، ہندوستان کے ساتھ روس کے دیرینہ تعلقات ہیں، روس بھارت کو افغانستان میں قیام امن کیلئے مثبت کردار ادا کرنے پر آمادہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روسی وزیر خارجہ وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات میں شریک ہوں گے، روسی وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوگی، روسی وزیر خارجہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔