ہومتازہ ترینترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کی جانب سے زوم ٹیلی تھون کا انعقاد

ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کی جانب سے زوم ٹیلی تھون کا انعقاد

٭ ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کی جانب سے زوم ٹیلی تھون کا انعقاد
٭ سفیر پاکستان مسعود خان کی پاکستانی کمیونٹی سے زلزلہ متاثرین کے لئے فراخدلانہ عطیات کی اپیل
٭ پاکستان کی ریلیف اور امدادی سرگرمیوں کے ابتدائی مرحلے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے کم از کم ایک ارب ڈالر کی اپیل کی مکمل حمایت
٭ ترکیہ میں آنے والا قیامت خیز زلزلہ پوری انسانیت کے لیے سانحہ ہے: سفیر پاکستان مسعود خان
امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ ترکی میں آنے والے زلزلے کی شدت اور تباہی کی جھلک جزوی طور پر بین الاقوامی میڈیا کے ذریعے سامنے آئی ہے۔ حقیقتاً یہ تباہی بہت زیادہ ہے اور عوام کو ایک بڑی تباہی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی متعدد آفات اور مشکلات کا سامنا ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ ہمارے دل ترک بھائیوں کے لئے رنجیدہ ہیں جو ایک مہلک اور بڑی قدرتی آفت سے نبرد آزما ہیں۔
پاکستانی امریکن ڈاکٹروں کی جانب سے سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لئے منعقد کی جانے والی زوم ٹیلی تھون سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستانی تارکین وطن سے امدادی سرگرمیوں میں دل کھول کر امداد کرنے کی اپیل کی ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی قوم کو ترک بھائیوں کی تکلیف کا پورا احساس ہے اور ہم انکے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔
امریکہ میں ترکیہ کے سفیر حسن مورت مر جان بھی زوم ٹیلی تھون میں شریک تھے۔
ٹیلی تھون کے دوران خاص کر پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کی جانب سے فوری ردعمل دیکھا گیا اور محض ایک گھنٹہ میں 3 لاکھ 65 ہزار ڈالرز کی امدادی رقوم جمع کی گئیں۔ مزید رقوم اور امدادی سامان متوقع ہے۔
زلزلے کی آفت کا انتہائی ہمت اور حوصلے سے مقابلہ کرنے پر سفیر پاکستان نے ترک عوام اور حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پوری پاکستانی قوم کی جانب سے صدر رجب طیب اردگان اور ترک قوم سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ترک بھائیوں کے درد کو محسوس کرتے ہیں۔ قیمتی جانوں کے ضیاع پر لواحقین اور متاثرہ ترک عوام کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں ، یہ قدرتی آفت پوری انسانیت کے لیے سانحہ ہے۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ ترکیہ میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلی پاکستان نے فوری طور پر امدادی سامان کے طیاروں اور ٹرکوں سمیت سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں اور طبی دستوں کو ترکیہ روانہ کیا۔ وزیرِ اعظم پاکستان نے ترک بھائیوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کیلیے حال ہی میں ترکیہ کا دورہ کیا ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں میں ریسکیو، پناہ گاہیں ، خوراک ، پانی اور صحت کی سہولیات اولین ترجیحات ہیں۔
سفیر پاکستان نے زلرلہ متاثرین کی امداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ تین ماہ میں 50 لاکھ سے زائد متاثرہ افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے ریسکیو و بحالی کے ابتدائی مرحلے کیلیے کم از کم 1 بلین ڈالر کی اپیل کی مکمل حمایت کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ متاثرہ افراد کی امداد کیلیے فنڈز کی فراہمی میں تاخیر نہیں ہونی چا ہیے۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے ترکیہ میں زلزلے سے نمٹنے اور امدادی سرگرمیوں اضافے کے لیے ٹیلی تھون کے انعقاد پر ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (اپنا) ا ور تنظیم کی قیادت کو سراہا
اس موقع پر (اپنا) نے امدادی سرگرمیوں کے لیے ترکیہ میں طبی مشن روانہ کرنے کی بھی پیشکش کی
ترکیہ کے سفیر حسن مورت مر جان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو زلزلےکی شدت اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا
ترک سفیر نےمشکل کی اس گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ، فوری اور فراخدلانہ تعاون پر پاکستانی حکومت ،عوام اوربالخصوص امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کا شکریہ ادا کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔