اسلام آباد ،سینیٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ کاروباری شعبے کو درپیش اہم مسائل کو حل کرانے میں ہرممکن تعاون کریں گے تاکہ کاروباری طبقہ صنعت وتجارت کو فروغ دے کر معیشت کو بحال کرنے میں فعال کردار اد اکر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔
چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم اور نائب صدر عبد الرحمن خان سمیت ایگز یکٹیو ممبران عمر حسین، اویس خٹک اور محمد جاوید اقبال وفد میں شامل تھے۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت سمیت کاروبار سے متعلق دیگر قائمہ کمیٹیوں میں آئی سی سی آئی کو نمائندگی دینے پر غور کریں گے تاکہ قانون سازی کے عمل میں نجی شعبے کی آراء اور مشاورت کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور تاجربرادری و سول سوسائٹی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے تمام معاشی چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سہولت کار کا کردار ادا کرے گی جبکہ معیشت کو فروغ دینے میں نجی شعبے کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ کے لئے آئی سی سی آئی کے کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ وہ کاروباری شعبے کے اہم مسائل کو حل کرانے کی کوششوں میں چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ کروناوائرس کی پیداکردہ مشکلات کے باوجود تاجروصنعتکار برادری معاشی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے تاہم انہیں کاروبار کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دینے کیلئے حکومت کے قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے قانون سازی کے عمل کے دوران نجی شعبے کے مفادات کا بہتر تحفظ یقینی بنانے کے لئے سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں ملک کے تمام بڑے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بہتر نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے یکطرفہ پالیسیاں تشکیل دینے سے کاروباری طبقے کے مسائل بہتر طور ہر حل نہیں ہوتے تاہم قائمہ کمیٹیوں میں نمائندگی دینے سے بزنس کمیونٹی اس قابل ہو گی کہ وہ حکومت کو مسائل کا بہتر حل نکالنے اور سازگار کاروباری پالیسیاں تشکیل دینے کیلئے حکومت کو بہتر تجاویز و سفارشات فراہم کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ممالک کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے بھی بزنس کمیونٹی کی مشاورت کے ساتھ طے کئے جائیں تا کہ ہماری تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ ملے۔ سردار یاسر الیاس خان نے تجویز پیش کی کہ سینیٹ میں پاکستان بھر کے اہم چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو ہر دو ماہ بعد اپنا اجلاس منعقد کر کے حکومت کو نجی شعبے کے اہم مسائل سے آگاہ کرے اور ان کو حل کرنے کیلئے مفید سفارشات فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس بندوبست سے حکومت کو بھی بہتر پالیسیاں بنانے مدد ملے گی جس سے معیشت پائیدارترقی کی راہ پر گامزن ہو گی۔ آئی سی سی آئی کی سینئر نائب صدرفاطمہ عظیم، نائب صدر عبد الرحمن خان اور وفد کے دیگر ممبران نے بھی بزنس کمیونٹی کے مختلف مسائل سے چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا اور معیشت کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کے لئے ان کے فوری حل کی درخواست کی۔