Saturday, December 21, 2024
ہومشوبزشہنشاہ جذبات اداکار محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے 15سال بیت گئے

شہنشاہ جذبات اداکار محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے 15سال بیت گئے

لاہور،پاکستان فلم انڈسٹری پر33برس تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے15برس بیت گئے ،مگر ان کی اداکاری کا سحر آج بھی قائم ہے۔طویل قامت اور گرجدار آواز کے مالک اداکار محمد علی نے اپنے فنی سفر کا آغاز ریڈیو پاکستان کے حیدر آباد اسٹیشن سے بطور صدا کار کیا ۔1962 میں فلم “چراغ جلتا رہا” میں ولن کے طور پر بڑی سکرین پرجلوہ گر ہوئے ۔ اس فلم کی خاص بات اس کا افتتاح تھا جو کہ مادرِ ملت محترمہ فاظمہ جناح نے اپنے ہاتھوں سے تھا ۔ محمد علی کی بطور ہیرو پہلی فلم شرارت تھی ۔ صاعقہ، وحشی، آس، آئینہ اور صورت، انسان اور آدمی اورحیدر علی، ان کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہوتی ہیں ۔ لالی وڈ میں لازوال کردار پر انہیں شہنشاہ جذبات کا خطاب بھی دیا گیا ۔ محمدعلی کا شمار ایشیا کے 25 بہترین اداکاروں کی فہرست میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کم و بیش 300 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں سے بیشتر میں ان کی ہیروئن ان کی اہلیہ زیبا تھیں ۔ محمد علی اور زیبا نے “علی زیب” کے نام سے اپنا پروڈکشن ہاس بھی قائم کیا اورکئی کامیاب فلمیں بنائیں ۔ محمد علی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں شاہ پہلوی ایوارڈ، 10 نگار ایوارڈز، صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی، تمغہ امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ۔ لیجنڈ محمدعلی 19 مارچ 2006 کومداحوں کو سوگوار چھوڑ گئے لیکن ان کی یادیں آج بھی چاہنے والوں کے دلوں میں بسی ہوئی ہیں ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔