اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے سپریم کورٹ کی عمارت میں مرمتی کام کے لیے 85 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے سپریم کورٹ کی عمارت میں مرمتی کام کے لیے 85 کروڑ روپیکے اضافی فنڈز کی منظوری دے دی۔
ای سی سی نے سندھ کے سیلاب متاثرہ کسانوں کے لیے 8 ارب 39 کروڑ روپے امداد کی منظوری بھی دی، سیلاب متاثرہ کسانوں کو امداد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے دینیکی منظوری دی گئی۔اجلاس میں وزارت صحت کی سمری پر ایک دوائی کی قیمت میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔وزارت خزانہ کے مطابق پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے 3 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کو مالی طور پر خود مختاربنانیکے لیے ذیلی کمیٹی قائم کرنیکی منظوری بھی دے دی، کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ادارے کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری دی جائیگی۔
ای سی سی نے اسلام آباد کے آئی 10 مرکز میں خود کش حملے کے شہدا کے ورثا کے لیے ایک کروڑ روپے مالی امداد کی منظوری بھی دی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی درآمد سے پہلے معائنے کے لیے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے لیے 6 عالمی انسپیکشن کمپنیوں کی منظوری بھی دی۔
