ہومپاکستانسیلاب متاثرین کیلئے ڈونرز کانفرنس ،عالمی برادری سے 16ارب ڈالر کی توقعات وابستہ

سیلاب متاثرین کیلئے ڈونرز کانفرنس ،عالمی برادری سے 16ارب ڈالر کی توقعات وابستہ

پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے عالمی ڈونرز کانفرنس کل جنیوا میں ہو گی ، پاکستان کو عالمی برادری سے 16ارب ڈالر کی توقعات وابستہ ہیں ،کلائمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس کی مشترکہ میزبانی وزیراعظم شہباز شریف اور سیکریٹری جنرل اقوام متحد ہ کرینگے،کانفرنس میںآئی ایم ایف ، عالمی بینک کے نمائندوں سمیت 6سے زائد سربراہان مملکت کی شرکت متوقع ہے ،وزیراعظم شہباز شریف نے کانفرنس کیلئے جنیوا روانگی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ سیلاب اور تباہ کن بارشوں سے لاکھوں پاکستانی متاثر ہوئے ہیں اور وہ یکجہتی کے منتظر ہیں،انسانیت تاریخ میں موثر نکتہ ہے ،عالمی کانفرنس میں سیلاب متاثرین کا کیس دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر منعقد ہونے والی عالمی ڈونر کانفرنس میں شرکت کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ روانہ ہونے والے وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب شامل ہیں، کانفرنس میں دنیا بھر سے مختلف ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے۔وزیر اعظم 9 جنوری کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس کے ساتھ مل کر پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔کانفرنس کے دوران پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کا فریم ورک پیش کیا جائے گا اور اس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا جائے گا۔کانفرنس میں مختلف ممالک کے وزرا ، اعلی سطحی نمائندے، بین الاقوامی مالیاتی اداروں، فانڈیشنز فنڈز کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ترقیاتی تنظیموں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے شرکت کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مشترکہ پریس سٹیک آٹ میں بھی شرکت کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف اپنے دورہ جنیوا کے دوران مختلف سربراہان مملکت سے ملاقاتیں بھی کریں گے، گزشتہ روز وزیر اعظم نے اپنے کویتی ہم منصب کو فون کر کے کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، اس سے قبل بھی چین سمیت مختلف ممالک کے سربراہان کو کانفرنس میں شرکت کی درخواست کر چکے ہیں۔عالمی ڈونر کانفرنس میں موسمی اثرات کے باعث پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے نقصانات کی تفصیل سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا جائے گا، اس موقع پر عالمی رہنماوں سے پاکستان میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے امداد کی اپیل کی جائے گی۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے عالمی کانفرنس میں وزیر اعظم کے بھائی میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی شریک ہوں گی، شہباز شریف کے جنیوا کے دورہ کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی بھی توقع ہے۔
دوسری طرف جنیوا روانگی کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ریزیلینٹ پاکستان عالمی کانفرنس میں سیلاب متاثرین کا کیس دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملے گا، سیلاب سے تباہی کے بعد بحالی، تعمیر نو اور ریکوری کے حوالے سے جامع پلان دوست ممالک اور ترقیاتی شراکت داروں کے سامنے رکھیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ اہم بنیادی ڈھانچے، زندگی، روزگار اور معیشت کی بحالی کیلئے عالمی فنڈنگ اہم ہے، انسانیت دنیا کی تاریخ میں ایک موثر نکتہ ہے، ہمارے آج کے اقدامات ہماری آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی تشکیل کریں گے، سیلاب اور تباہ کن بارشوں سے لاکھوں پاکستانی متاثر ہوئے ہیں اور وہ یکجہتی کے منتظر ہیں جو انہیں دوبارہ بہترین تعمیر کی طرف لے جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔