اسلام آباد،چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ، جے یو آئی ف کے مولانا عبدالغفور حیدری نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔پولنگ کا عمل 5 بجے تک جاری رہے گا۔تفصیلات کے مطابق پریزائیڈنگ آفیسر سینیٹر مظفر حسین کی زیر صدارت ایوان بالا کے اجلاس جاری ہے ،حکومتی امیدوار صادق سنجرانی اور پی ڈی ایم کے یوسف رضا گیلانی آمنے سامنے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے عبدالغفور حیدری اور مرزا آفریدی میدان میں ہیں ۔ پریزائڈنگ افسرمظفر حسین شاہ نے ووٹنگ کا آغاز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ارکان شام 5 بجے تک ووٹ کاسٹ کرلیں، شفاف الیکشن کا وعدہ پورا کردیا ہے، ارکان پولنگ بوتھ میں جاکرتسلی کرسکتے ہیں، ہر 25ووٹ کے بعد اسٹیمپ کوبدل دیاجائیگا،پولنگ بوتھ میں کیمرہ،موبائل فون لے جانا منع ہے، پولنگ شام 5 بجے بند کردی جائیگی۔سینیٹ رولز کے مطابق دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلے کی صورت میں ایک امیدوار کو ایوان کے اراکین کی مجموعی تعداد کی اکثریت یعنی کم از کم 51 فیصد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔اس سے قبل آج صبح سینیٹ کا اجلاس 10 بجے شروع ہوا ، جس میں سب سے پہلے نومنتخب 48 سینیٹرز اپنے عہدے کا حلف لیا۔ بعدازاں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی اور مرزا آفریدی جبکہ پی ڈی ایم امیدواروں یوسف گیلانی اور عبدالغفور حیدری نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جو منظور کرلیے گئے۔ پریزائیڈنگ افسر نے امیدواران کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے۔اجلاس میں نماز جمعہ کا وقفہ کیا گیا ۔
چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل شروع
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔