Wednesday, April 17, 2024
ہومپاکستانسیلاب زدہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہیلتھ کیمپس لگائے جارہے ہیں،وزارت صحت

سیلاب زدہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہیلتھ کیمپس لگائے جارہے ہیں،وزارت صحت

اسلام آباد(سب نیوز)وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر ہیلتھ کیمپس لگائے جارہے ہیں ۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق ہیلتھ کیمپس وفاقی ایمرجنسی آپریشن سینٹر پولیو اور صوبائی ایمرجنسی پولیوسنٹرز اور اغا خان کے اشتراک سے لگائے جاتے ہیں،گزشتہ روز خیبرپختونخوا ، سندھ ، بلوچستان اور پنجاب میں 44 ہیلتھ کیمپس کا انعقادکیا گیا۔

ترجمان کے مطابق وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے اس حوالے سے کہا کہ خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں 16 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ،پنجاب کے دو اضلاع میں 4 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا، بلوچستان کے 7 اضلاع میں 13 ہیلتھ کیمپس ، سندھ کے 10 اضلاع میں 11 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا اورمجموعی طور پر 5644 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ پانچ سال سے کم عمر 1262 بچوں کو طبی امداد دی گئی، ہیلتھ کیمپس میں 705 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے دئے گئے،ہیلتھ کیمپس میں 222 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔

وزیرصحت نے بتایا کہ ہیلتھ کیمپس میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں،مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ،اس مشکل کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنا یا جارہاہے ۔