Sunday, May 19, 2024
ہومبریکنگ نیوزعام انتخابات، تحریک انصاف نے ٹکٹوں کی تقسیم کا فارمولا طے کر لیا

عام انتخابات، تحریک انصاف نے ٹکٹوں کی تقسیم کا فارمولا طے کر لیا

اسلام آباد(سب نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات 2024ء کا شیڈول جاری ہونے کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی۔سیاسی جماعتوں کی جانب سے ٹکٹ فائنل کرنے کا عمل جاری ہے۔دیگر جماعتوں کی طرح تحریک انصاف نے بھی ٹکٹوں کی تقسیم کا فارمولا طے کر لیا۔

پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ جو لوگ مشکل وقت میں بھی پارٹی کے ساتھ رہے ہیں، انہیں عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ پارٹی چھوڑ گئے ہیں ان کی نشستوں پر پی ٹی آئی الیکٹیبلز یا وکلاء الیکشن لڑیں گے۔ بلے کا نشان چھن جانے کے خدشے کے پیشِ نظر بھی پی ٹی آئی نے پلان بی پر کام شروع کر دیا۔

ذرائع تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ آزاد امیدواروں کو میدان میں لانے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر خیبرپختونخوا کے ہر حلقے سے دو دو امیدواروں کو میدان میں لانے کے لیے ہوم ورک شروع کرد یا گیا ہے۔ سوشل میڈیا اور موبائل میسج کے ذریعے ووٹر کو قائل کیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اس وقت پی ٹی آئی کے پاس 70 فیصد عوام کی اکثریت ہے۔الیکشن کمیشن کے باہر علی ظفر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر بلے کا نشان چھیننے کی کوشش کی گئی تو یہ 70 فیصد عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو گی۔

انہوںنے کہاکہ جس طرح ہم نے الیکشن کروائے تھے 170 پارٹیوں نے نہیں کروائے، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے یہ عوام کے بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے ہمیں اس پر یقین ہے، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی ہمارے لوگ گرفتار ہو رہے ہیں۔علی ظفر نے کہاکہ چاہیں گے کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری پوری کرے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔