Monday, July 1, 2024
ہومبریکنگ نیوزامریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کو امریکی حکومت کی مداخلت نہیں کہا جاسکتا، پی ٹی آئی قیادت

امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کو امریکی حکومت کی مداخلت نہیں کہا جاسکتا، پی ٹی آئی قیادت

اسلام آباد (سب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ایوان نمائندگان کی قرارداد کو امریکی حکومت کی مداخلت نہیں کہا جاسکتا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ حکومت خوفزدہ ہے اس لئے قرار داد کو اچانک پیش کیا۔

پارلیمنٹ ہا ئو س کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ امریکی کانگریس کی قرارداد میں انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے اور صاف شفاف انتخابات کی بات کی گئی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ چودہ نکات پر مبنی قرار داد کو پڑھے بغیر حکومت نے قومی اسمبلی میں قرارداد منظور کی۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی نظام میں اپوزیشن کا بڑا کردار ہوتا ہے، ایوان میں اپوزیشن سے نارواسلوک رکھا جارہا ہے۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ اسمبلی فلور پر خواجہ آصف نے متضاد بیانات دیے، ہمیں خواجہ آصف نے دہشتگرد کہا جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 300 سے زائد ارکان نمائندگان نے مطالبہ کیا، آخر انتخابات کی انکوائری کیوں نہ ہو، آپ نے جو قانون پاس کیا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ حکومت الیکشن کی تحقیقات نہیں چاہتی۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اچانک سے قرارداد پیش کی گئی، اپوزیشن کو اعتماد میں لینا ضروری تھا۔انھوں نے کہا کہ حکومت خوفزدہ ہے ڈر کے مارے اپوزیشن سے بات نہیں کی جاتی، اسپیکر کے رویہ کی مذمت کرتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔